عیدمیلادالنبی کے جلوس پر فائرنگ

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کے مطابق عیدمیلاالنبی کے سلسلے میں گُزرنے والے جلوس پر فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ اٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں کو سول ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس اہلکار احسان اللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ سنیچر کو تحصیل پہاڑ پور کے علاقے ڈھکی موڑ پر عید میلاالنبی کے سلسلے میں گُزرنے والے جلوس پر نامعلوم مُسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے بعد جلوس منتشر ہوگیا اور نامعلوم افراد بھاگنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔اہلکار کے مطابق پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور جگہ جگہ ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کی ہے لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوسرے علاقوں میں جلوس پُرآمن طورپر ختم ہوگئے ہیں اور کئی حساس علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
یادرہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سُنی شیعہ فسادت کے لحاظ انتہائی حساس ضلع ہے جہاں پہلے بھی کئی بار شیعوں کے جلوسوں پر خودکش حملے ہوئے ہیں۔جس میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔



