سمگل شدہ نوادرات واپس لانے کی ہدایت

فائل فوٹو، بغداد کا عجائب گھر
،تصویر کا کیپشننوادرات مٹی کے مختلف برتن ہیں جو چار ہزار قبل مسیح کے ہیں: محمود شاہ
    • مصنف, اعجاز مہر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے وزارتِ ثقافت کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان سے برطانیہ اور اٹلی سمگل کردہ قبل مسیح کے دو سو چورانوے نوادرات واپس لینے کے لیے دو رکنی ٹیم بھیجی جائے۔

وزیراعظم کے ترجمان نے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ ایک سو اٹھانوے نوادارت لندن میں ہیتھرو ائر پورٹ کے کسٹم حکام نے ضبط کیے جب کہ چھیانوے نوادرات اٹلی کی پولیس نے پکڑے۔

بیان کے مطابق یہ نوادرات متعلقہ ممالک کے حکام نے پاکستان کے سفارت خانوں کے حوالے کردیے ہیں اور اب انہیں واپس لانے کے لیے دو رکن فنی ٹیم جائے گی۔

محکمہ آثارِ قدیمہ کے ایک افسر محمود شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ نوادرات مٹی کے مختلف برتن ہیں جو چار ہزار قبل مسیح کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ برتن بلوچستان سے سمگل کیے گئے۔

حکام کے مطابق لندن میں یہ نایاب برتن گزشتہ برس پکڑے گئے جب کہ اٹلی میں سنہ دو ہزار سات میں ایسے برتن ضبط کیے گئے تھے۔ان کے مطابق بلوچستان میں قبل مسیح کے ان نوادارت کی سرکاری طور پر تو تاحال کھدائی نہیں ہوئی بلکہ نجی طور پر کھدائی کرکے نکالے گئے ہیں۔

محمود شاہ نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے چارٹر کے تحت کسی بھی ملک میں سمگل شدہ نوادارت واپس اُسی ملک کے حوالے کیے جائیں گے جس ملک سے ان کا تعلق ہے۔انھوں نے بتایا کہ اس سے پہلے بدھا کے مجسمے امریکہ سمگل کیے گئے تھے اور امریکہ نے وہ ضبط کرکے پاکستان کے حوالے کردیے تھے۔