’پاکستان کے جوہری ہتھیار محفوظ‘

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اتوار کے روز لندن میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستانی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر شدت پسندوں کا حملہ بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کرتاہے تاہم امریکہ کو اس بات کا یقین ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
مسز کلنٹن کا کہنا تھا کہ ’حملہ اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ شدت پسند حکومتی عملداری کو مزید چیلنج کر رہے ہیں۔تاہم اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ وہ ملک پر قبضہ کر لیں گے۔‘
صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ کا کہنا تھا کہ اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں شدت پسندوں کے ہاتھوں میں جا سکتے ہیں۔
ہفتے کے روز پاکستانی فوج کے ہیڈکوارٹر پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی میں ایک بریگیڈیئر اور ایک لیفٹیننٹ کرنل سمیت گیارہ فوجی اور آٹھ شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شدت پسند کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستانی فوج جنوبی وزیرستان میں موجود شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف ایک بڑے آپریشن کی تیاری کر رہی ہے جو کہ حکام کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری قبول کر چکی ہے۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ حملہ پاکستانی رہنماؤں کے لیے باعث شرم ہے۔



