صادق آباد میں فائرنگ سے ایک ہی برادری کے نو افراد ہلاک

رحیم یار خان

،تصویر کا ذریعہGhulam Hasan Meher

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے کم از کم چھ لوگوں سمیت نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ صادق آباد کے علاقے ماہی چوک میں پیش آیا ہے جو کوٹ سبزل تھانے کی حدود میں ہے۔ کوٹ سبزل پنجاب اور سندھ کا سرحدی قصبہ ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد ایک پیٹرول پمپ پر بیٹھے ہوئے تھے جب اُن پر فائرنگ کی گئی جبکہ حملہ آور اس کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

رحیم یار خان کے ضلعی پولیس افسر اسد سرفراز کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق اندھڑ گینگ سے ہے جبکہ ہلاک شدگان کا تعلق بھی اندھڑ برادری سے ہی ہے۔

آخری اطلاعات موصول ہونے تک اس ضمن میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

طبی حکام کے مطابق اس واقعے کے بعد نو افراد کی لاشیں ہسپتال پہنچائی گئیں جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال صادق آباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حافظ بابر علی نے بتایا ہے کہ ایک زخمی کو بھی ہسپتال پہنچایا گیا ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بی بی سی

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان افراد کو ڈاکوؤں کی جانب سے بھتہ نہ دیے جانے پر قتل کیا گیا ہے جبکہ ضلعی پولیس افسر اسد سرفراز کا کہنا ہے کہ دونوں گروہوں کے درمیان قتل کے واقعے پر 1998 سے تنازع جاری تھا اور حالیہ واقعہ اسی پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

ضلعی پولیس افسر کا کہنا ہے کہ حملہ آور اپنی کارروائی مکمل کرنے کے بعد کچے کے علاقے میں فرار ہو گئے ہیں۔

دریں اثنا ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے علاقے کے ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور چوکی انچارج کو معطل کر دیا ہے۔

اُنھوں نے ریجنل پولیس افسر بہاولپور کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا بھی حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کچے کا علاقہ کیا ہے؟

دریائے سندھ جن اضلاع سے گزرتا ہے وہاں وہ علاقے جو سیلاب کے موسم میں پانی سے بھر جاتے ہیں مگر باقی عرصہ خشک رہتے ہیں، اُنھیں کچے کا علاقہ کہا جاتا ہے۔

گھنے جنگلات، جھاڑیوں اور کچی زمین کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے لیے ان علاقوں میں چھپنا آسان ہو جاتا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے یہاں کارروائی کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان، جبکہ سندھ کے اضلاع جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی، شکارپور اور سکھر کے کچے علاقوں میں ایسے جرائم پیشہ افراد کی اکثریت پائی جاتی ہے جو گینگز کی صورت میں کام کرتے ہیں۔