پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی سیریز: حسن، نواز کی عمدہ بیٹنگ کے باعث پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی فاتح

حسن

،تصویر کا ذریعہPCB

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج لاہور میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی ہے۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا جانے والا 165 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کیا۔ گو پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 29 گیندوں پر سب سے زیادہ 44 رنز بنائے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد نواز اور حسن علی کے ایک اہم موقع پر رنز پاکستان کی فتح میں اہم ثابت ہوئے۔

پاکستان نے 165 رنز کے تعاقب میں اچھا آغاز کیا اور حیدر علی اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی نے پاور پلے کے دوران عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ تاہم تبریز شمسی آئے اور چھا گئے۔ انھوں نے اپنے چار اوورز میں 25 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے بعد پاکستان پر دباؤ بڑھتا گیا۔

تاہم بابر کے 44 اور رضوان کے 42 رنز نے پاکستان کی اننگز کی بنیاد رکھ دی تھی جس کے بعد تسلسل سے وکٹیں گرنے کے باوجود پاکستان کے لوئر آرڈر کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کرنے کے باعث پاکستان نے یہ میچ باآسانی جیت لیا۔ محمد نواز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جنھوں نے نہ صرف دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا بلکہ اننگز کے آخر قیمتی 18 رنز بھی بنائے۔

یہ بھی پڑھیے

اس سے قبل آغاز کے 12 اوورز کے دوران پاکستان بولرز نے جنوبی افریقہ کو باندھ کر رکھا لیکن پھر ڈیوڈ ملر نے چھکوں کی بوچھاڑ کر دی اور 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی میچ میں واپسی کروا دی۔

انھوں نے اپنی اننگز میں سات چھکے اور پانچ چوکے مارے اور ایک اینڈ پر گرتی وکٹوں کے باوجود تحمل کے ساتھ بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے رہے۔

پاکستان

،تصویر کا ذریعہPCB

اس سے قبل، پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد نواز نے خطرناک بلے باز ریزا ہینڈرکس کو آؤٹ کر کے آغاز میں جنوبی افریقہ کو دباؤ میں ڈال دیا۔

انھوں نے اپنے اگلے اوور میں جے سمٹس کو بھی آؤٹ کر دیا تاہم یانیمن ملان اور وان بلجان نے ایک اچھی شراکت قائم کی تاہم پاور پلے کے آخری اوور میں حسن علی بلجان کو بولڈ کر کے ایک مرتبہ پھر سے میچ میں پاکستان کو برتری دلا دی۔

اگلے ہی اوور میں آج ڈیبیو کرنے والے لیگ سپنر نے وہ کر دیا جو ہر بولر کا خواب ہو سکتا ہے۔ انھوں نے دو گیندوں پر ہینرک کلاسن اور یانیمن ملان کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ ڈھیر کر دی۔

اس سے اگلے ہی اوور میں دوسرے لیگ سپنر عثمان قادر نے پیفلکوایو کو کیچ آؤٹ کروا دیا، اور یوں جنوبی افریقہ کے آٹھ اوورز میں چھ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اپنے تیسرے اوور میں زاہد محمود نے ڈوین پریٹوریئس کو گوگلی پر بولڈ کر دیا۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد ٹیم میں تین تبدیلیوں کے بارے میں بتایا جن میں لیگ سپنر زاہد محمود، فاسٹ بولر حسن علی اور بیٹسمین آصف علی شامل ہیں۔ ان تین کھلاڑیوں کو حارث رؤف، افتخار احمد اور خوشدل شاہ کی جگہ ٹیم میں لایا گیا ہے۔

جبکہ دوسری جانب جنوبی افریقہ نے صرف ایک تبدیلی کی اور گلینٹن سٹورمین کی جگہ بیجارن فورٹوئن کو موقع دیا۔

خیال رہے کہ اس وقت تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی یہ سیریز ایک ایک سے برابر ہے جس کے باعث یہ فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی بن چکا ہے۔

پاکستان کی ٹیم: بابر اعظم، محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، حسن علی، آصف علی، فہیم اشرف، محمد نواز، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی، زاہد محمود۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم: ہینرک کلاسن، یانیمن ملان، ریزا ہینڈرکس، جے سمٹس، پائن وان بلجان، ڈیوڈ ملر، اینڈلے پیفلکوایا، ڈوین پریٹوریئس، فورٹوئن، تبریز شمسی اور لوتھو سپمالا۔