آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی آئی اے کو پہلی بار امریکہ تک براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت
پی آئی اے کو تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے امریکہ تک براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے جس کے تحت آنے والے کچھ دنوں میں پی آئی اے کی 12 فلائٹس براہ راست امریکی ریاست نیویارک جائیں گی۔
ان پروازوں کے ذریعے امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں اور وہاں وفات پا جانے والے افراد کی متیوں کو واپس لایا جائے گا۔
گزشتہ ہفتے پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث وہاں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے امریکہ سے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت مانگی تھی۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد ملک نے اس بارے میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کو خط بھی لکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کا امریکہ آپریشن یورپ یا برطانیہ کے ائیرپورٹس سے سیکورٹی کلئیر ہو کر جایا کرتا تھا۔
یہ پروازیں برطانیہ کے شہر لندن اور مانچسٹر، فرانس کے شہر پیرس، آئرلینڈ کے شہر شینن اور سپین کے شہر بارسلونا کے راستے امریکہ پہنچا کرتی تھیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق امریکہ تک براہ راست پروازوں کی اجازت ملک کی سکیورٹی صورتحال میں بہتری، حکومتی پالیسی اور پی آئی اے کے سکیورٹی سے متعلق اقدامات کی عکاس ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی آئی اے امریکہ کی ریلیف پروازیں چلائے گا جہاں ہزاروں پاکستانی پی آئی اے کے منتظر ہیں اور پی آئی اے ان میتوں کو بھی بغیر کسی معاوضے واپس لے کر آئے گی جو دیار غیر میں چل بسے ہیں۔
سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ آخری پاکستانی کے وطن واپسی تک پی آئی اے کا یہ آپریشن جاری رہے گا۔