سی این ٹریولر کے مطابق 2020 کا بہترین سیاحتی مقام پاکستان، کیا سیاحوں کے سیلاب کے لیے تیار ہے؟

پاکستان سیاحت

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, عمیر سلیمی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

سی این ٹریولر نامی ایک غیر ملکی جریدے نے پاکستان کو سنہ 2020 کا بہترین سیاحتی مقام قرار دیا ہے۔ اس پر رد عمل دیتے ہوئے لوگوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آیا پاکستان آئندہ سال ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے ممکنہ ہجوم کو خوش آمدید کہنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

پاکستان میں سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ماہرین کہتے ہیں کہ عموماً غیر ملکی سیاح یہاں سکیورٹی اور رہائش سے متعلق شکایات کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کچھ پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہترین سیاحتی مقامات ہیں لیکن یہاں سہولیات کی کمی ہے۔

تاہم حکومت کا موقف ہے کہ انتظامیہ نے حال ہی میں سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کے نئے منصوبے بنائے ہیں اور سیاحوں کے لیے ویزے کی پابندیوں میں نرمی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان سیاحت

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسی این ٹریولر کے مطابق ’قدیم وادیاں، ویزے کی پابندیوں میں نرمی اور شاہی دورے سے ملک کو توجہ مل رہی ہے‘

سی این ٹریولر کی رپورٹ میں کیا لکھا ہے؟

سی این ٹریولر کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سر سبز میدانوں کے دامن میں پہاڑی سلسلے ہیں اور سیاحوں کو یہاں کا رخ ضرور کرنا چاہیے۔

’ماضی میں شدت پسندی اور طالبان کے دور کے بعد اب پاکستان میں گذشتہ دو دہائیوں سے سیاحت کی صنعت آگے بڑھ رہی ہے۔‘

رپورٹ میں پاکستان کے حالیہ اقدامات کو سراہا گیا ہے اور یہ امید ظاہر کی گئی ہے کہ 2020 میں پاکستان میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔

’قدیم وادیاں، ویزے کی پابندیوں میں نرمی اور شاہی دورے سے اس ملک کو وہ توجہ مل رہی ہے جس کا یہ مستحق ہے۔‘

پاکستان سیاحت

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشننجی ٹوور آپریٹرز کے مطابق غیر ملکی شہریوں کی درجنوں مقامات پر چیکنگ کی جاتی ہے

سیاحت کے فروغ کے لیے کیا ضروری ہے؟

اس حوالے سے بی بی سی نے آصف خان سے بات کی ہے جو ایک نجی ٹوور آپریٹر ہیں اور 13 سال سے پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کو گلگت بلتستان، سوات، کالام، ناران، کاغان، کشمیر اور چترال سمیت دیگر مقامات کی سیر کروا رہے ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان میں سیاحت کی صنعت کو سکیورٹی، رہائش، کھانے پینے، صفائی، معلومات کی عدم فراہمی اور ایمرجنسی سہولیات نہ ہونے کے مسائل در پیش ہیں جنھیں حکومتی کوششوں کے باوجود اب تک مکمل طور پر حل نہیں کیا جا سکا۔

آصف کہتے ہیں ’سب سے بڑا مسئلہ سکیورٹی کا ہے۔ سیاحوں کے ساتھ سکیورٹی تو ہوتی ہے لیکن اگر ایک غیر ملکی شخض اسلام آباد سے گلگت جاتا ہے تو درجنوں مقامات پر ان کی چیکنگ کی جاتی ہے جس سے وہ مزید گھبرا جاتا ہے۔‘

ان کے مطابق ہوٹلوں میں رہائش، صفائی اور کھانے پینے کے مسائل ہوتے ہیں کیونکہ سیاح رات کو تو کیمپنگ کر کے سو جاتے ہیں لیکن بعد میں ان چیزوں سے متعلق شکایات کرتے ہیں۔

پاکستان سیاحت

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن'پیسے والے سیاحوں کی آمد کے لیے رہائش کی بہتر سہولیات درکار ہوں گی‘

’ہر پوائنٹ پر سیاحوں کے لیے معلومات، جیسے نقشوں کی فراہمی، کے مراکز نہیں ہیں۔۔۔ ملکی و غیر ملکی لوگوں کے لیے اہم مقامات پر ایمرجنسی کی سہولیات نہیں ہیں تا کہ وہ ایمبولنس یا ادویات حاصل کر سکیں۔‘

سڑکوں اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے آصف نے بتایا کہ کئی راستے زیر تعمیر ہونے کی وجہ سے آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ وقتی طور پر تو یہ سہولیات دے دی جاتی ہیں لیکن ان مسائل کا مستقل حل تلاش کرنا ضروری ہے تاکہ سیاحوں کی آمد بڑھ سکے۔

فیلکن ایڈونچر کلب کے ڈائریکٹر علی عثمان بھی سیاحوں کے لیے سکیورٹی کے مسئلے پر آصف خان سے اتفاق کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ حکومت کی طرف سے سیاحوں کو شمالی علاقوں میں جانے کی اجازت میں نرمی کے اقدام کیے جاتے ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔

ان کے مطابق جب تک قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پر توجہ نہیں دیں گے تو یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ’آدھی رات کو غیر ملکوں سیاحوں کو کہا جاتا ہے کہ آپ اس ہوٹل سے نکلیں اور کسی دوسرے ہوٹل میں جا کر رہیں۔‘

وہ کہتے ہیں کہ پاکستان میں ’نئے اور پیسے والے‘ سیاحوں کی آمد کے لیے رہائش کی بہتر سہولیات درکار ہوں گی کیونکہ ’فی الحال اکثر سیاح ایسے ہیں جنھیں پاکستان میں سہولیات کے معیار کے بارے میں کچھ حد تک اندازہ ہے۔‘

’شمال میں کوئی صحیح معنوں میں فائیو سٹار ہوٹل نہیں ہے۔ انھیں اچھے ہوٹلوں میں کمرے نہیں ملتے۔‘

پاکستان سیاحت

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنعثمان احمد کہتے ہیں ’زیادہ تر سڑکیں خراب، کچی یا زیرِ تعمیر ہیں‘

’سڑکوں کو مسلسل برقرار رکھنا پڑتا ہے۔ (سیاحت کے لیے) پاکستان کی زیادہ تر سڑکیں گذشتہ چند برسوں میں تعمیر کی گئیں ہیں۔ زیادہ تر سڑکیں ابھی بھی خراب، کچی یا زیرِ تعمیر ہیں۔‘

علی عثمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ملک کی سیاسی و سکیورٹی صورتحال بھی اس حوالے سے اہم ہے کیونکہ بعض اوقات سیاح شہروں میں احتجاج یا دھرنے کی وجہ سے ڈر جاتے ہیں اور پاکستان آنے سے گریز کرتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ان مسائل کے باوجود غیر ملکی شہری یہاں کے ثقافتی رنگوں سے متاثر ہوتے ہیں۔

’ریٹ زیادہ سہولتیں کم‘

پاکستان میں اکثر سوشل میڈیا صارفین نے اس رپورٹ پر خوشی کا اظہار کیا ہے لیکن بعض لوگوں نے سی این ٹریولر کی رپورٹ پر سوال اٹھائے ہیں۔

پاکستان سیاحت

،تصویر کا ذریعہTwitter/@Taidrus

اسی سلسلے میں سوشل میڈیا صارفین نے اپنی رائے ظاہر کی ہے۔

نوید افتخار لکھتے ہیں: ’ہم نے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے کتنے نئے ہوٹل بنائے ہیں؟ پاکستان میں ہوٹل اتنے مہنگے کیوں ہیں؟ سیاح ہمارے شہروں میں باہر نہیں پھر سکتے۔‘

’ملک کے اندر ہوائی جہاز کا سفر اتنا مہنگا کیوں ہے؟ ہم اُس وقت تک سیاحت کا بہترین مقام نہیں بن سکتے جب تک ان مسائل کا حل تلاش نہیں کرتے۔‘

پاکستان سیاحت

،تصویر کا ذریعہTwitter/@navift

فیض اللہ لکھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاحت کی صنعت اس کے لیے تیار نہیں ہے۔

’کمروں کی حالت کے مقابلے میں ہوٹل کے ریٹ زیادہ ہیں۔‘

پاکستان سیاحت

،تصویر کا ذریعہTwitter/@BarrechQTA

بعض سوشل میڈیا صارفین نے یہ بھی کہا کہ مری اور نتھیا گلی جیسے ترقی یافتہ مقامات بھی عید یا دوسرے مصروف دنوں میں بھر جاتے ہیں اور ان کا معیار کم ہو جاتا ہے۔

تحسین احمد کہتی ہیں کہ پاکستان کے شمالی علاقے بہت مہنگے ہیں۔ ’مری یا نتھیا گلی میں اچھے ہوٹل کا ریٹ 11 ہزار فی رات ہے اور ان میں ہیٹر جیسی سہولیات بھی نہیں ہوتیں۔‘

پاکستان سیاحت

،تصویر کا ذریعہTwitter/@TehseenAhmedq

رپورٹ کے مطابق 20 ممالک میں پاکستان کا پہلا نمبر ہے۔

تاہم یہی رپورٹ کچھ صارفین نے رواں سال نومبر میں شیئر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سنہ 2020 میں سیاحتی مقامات میں پانچویں نمبر پر ہے۔

سی این ٹریولر

،تصویر کا ذریعہTwitter/@HassShad

بی بی سی نے سی این ٹریولر کا موقف جاننے کی کوشش کی ہے تاہم ابھی تک ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا۔

انفراسٹرکچر، ویزا کے مسائل حکومت کی اولین ترجیح‘

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان میں سیاحت کے لیے اہم صوبے خیبرپختوخوا کے سنیئرصوبائی وزیر عاطف خان نے بتایا کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں ’لا اینڈ آرڈر، سکیورٹی اور ویزے کے مسائل حل کرنا اور بنیادی انفراسٹرکچر کا قیام ہیں۔‘

’سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور (سیاحوں کو) ملک میں آمد پر ویزے کی سہولت دی جا رہی ہے۔ غیر ملکی شہریوں کو صرف حساس سرحدی علاقوں میں جانے کے لیے این او سی (اجازت نامے) درکار ہوتے ہیں۔‘

وہ کہتے ہیں حکومت نے حال ہی میں 14 نئے سیاحتی مقامات کے قیام کی منظوری دی ہے جو آئندہ سال مکمل ہوجائیں گے جبکہ ’چار نئے سیاحتی زونز بنائے جا رہے ہیں۔‘

انھوں نے نجی سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات میں سرمایہ کاری کریں تا کہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بہتر انتظامات کیے جا سکیں۔