آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
آصف علی زرداری کا طبی معائنہ، ڈاکٹروں کی فوری ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز
- مصنف, آصف فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
اڈیالہ جیل میں قید سابق پاکستانی صدر آصف علی زرداری کا بدھ کو جیل میں طبی معائنہ کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم نے انھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ہسپتال) کے سینیئر ڈاکٹروں پر مشتمل اس ٹیم نے وزارتِ داخلہ کی درخواست پر پیپلز پارٹی کے شریک سربراہ کا جیل میں ابتدائی طبی معائنہ کیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کو بتایا گیا تھا جیل میں آصف زرداری کی طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے ایک میڈیکل سپیشلسٹ، دل کے امراض کے ماہر، کمر درد کے ماہر اور بعض دیگر ماہرین پر مشتمل ٹیم نے آصف زرداری کا معائنہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی ٹیم نے بتایا ہے کہ سابق صدر کی کمر اور اعصاب کی تکلیف بہت شدت اختیار کر گئی ہے اور انھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر کے ان کی ایم آر آئی اور دیگر ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے تاکہ ان کا علاج شروع کیا جا سکے۔
ڈاکٹروں کے مطابق آصف زرداری کی کمر اور گردن کے پٹھوں میں شدید اکڑاؤ ہے جو مزید پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ انھیں لاحق ذیابیطس کا مرض بھی پیچیدگیاں پیدا کر رہا ہے جس کی وجہ سے انھیں ہر وقت طبی نگرانی اور علاج کی ضرورت ہے جو صرف ہسپتال ہی میں فراہم کیا جا سکتا ہے۔
'راولپنڈی کا موسم'
آصف زرداری کے جیل میں ہونے والے طبی معائنے کے دوران وہاں موجود ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ جیل میں آصف زرداری کو وہی کمرہ دیا گیا ہے جس میں سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کو رکھا گیا تھا لیکن اس کمرے سے ائیرکنڈیشنر اتار لیا گیا ہے۔
طبی معائنے کے دوران جب اس بات کا تذکرہ ہوا تو آصف زرداری نے بہت ذومعنی انداز میں کہا کہ انھیں ائیرکنڈشنر کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ 'ایک دو مہینے میں راولپنڈی کا موسم بدلنے والا ہے۔ '
ان کے اس جملے سے کمرے میں قہقہہ بلند ہوا جو ڈاکٹروں، جیل عملے اور سکیورٹی اہلکاروں سے بھرا ہوا تھا۔
اہلکار کے مطابق کمرے میں موجود بعض افراد نے اس جملے کو بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع پر ایک سیاسی تبصرے کے طور پر لیا۔
میڈیکل بورڈ کی جانب سے آصف زرداری کو ہسپتال منتقل کرنے کی رپورٹ جمعرات کو وزارت داخلہ کے سپرد کی جا رہی ہے جو اس پر حتمی فیصلہ کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ اور بد عنوانی کے مقدمات کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہے اور اس دوران انھیں نیب کی درخواست پر جیل میں رکھا گیا ہے۔