آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
نواز شریف: احتساب عدالت کو دو ریفرنسز کی تکمیل کے لیے مزید چھ ہفتے کی مہلت
پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ سٹیل مل کے مقدمے کی سماعت مکمل کرنے کے لیے احتساب عدالت کو مزید چھ ہفتوں کی مہلت دے دی ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق عدالت نے یہ مہلت احتساب عدالت کے جج جسٹس محمد بشیر کی جانب سے سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط کی بنیاد پر دی ہے۔
نامہ نگار کے مطابق اس خط میں استدعا کی گئی تھی کہ ان دونوں ریفرینسز کی سماعت مکمل نہیں ہو سکی ہے اور ابھی مزید گواہیاں باقی ہیں۔ لہذا انھیں مزید وقت فراہم کیا جائے۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ ان کا پہلے دن سے یہی موقف رہا ہے کہ اگر تینوں ریفرنسز کی سماعت اکٹھی ہو جاتی اور ایک ساتھ ہی فیصلہ آتا تو یہ معاملات سامنے نہ آتے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جج صاحبان لندن فلیٹس کے بارے میں فیصلہ دے چکے ہیں لہذا اب انھیں دیگر دو ریفرنسوں کی سماعت نہیں کرنی چاہیے۔
اس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو یہ معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھانا چاہیے تاہم انھوں نے خواجہ حارث کی یہ استدا مسترد کر دی۔
عدالت نے خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ مقدمات کی سماعت کے دوران جو شفافیت ہوئی کیا وہ ان سے مطمئن ہیں؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ جتنی بھی شفافیت ہے وہ اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ اگر اس طرح کے سوالیہ نشانات عدالت پر اٹھیں گے تو ملک اور عدالت کی کیا خدمت ہوگی۔
خیال رہے کہ جمعے کو ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کرنے والی احتساب عدالت نے نواز شریف کو دس برس قید بامشقت،ان کی بیٹی مریم نواز کو سات برس قید جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی جبکہ نواز شریف کو 80 لاکھ جبکہ مریم نواز کو 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اتوار کو حراست میں لیے جانے کے بعد پیر کی صبح اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا تھا۔
دوسری جانب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ لندن سے لاہور جائیں گی۔
نواز شریف اور مریم نواز دونوں لندن میں ہیں اور مریم نواز نے سنیچر کو اعلان کیا تھا کہ وہ دونوں ہی جمعہ 13 جولائی کو پاکستان واپس آ رہے ہیں۔