آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ایل او سی پر فائرنگ میں 'چار پاکستانی، تین انڈین فوجی ہلاک'
پاکستان اور انڈیا نے ایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے الزامات عائد کیے ہیں اور فائرنگ کے نتیجے میں متعدد فوجیوں کی ہلاکت کے دعوے کیے گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے ادارے آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر چار پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے جواب میں تین انڈین فوجی ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ 'کوٹلی سیکٹر میں جندروٹ کے مقام پر یہ فوجی کمیونیکیشن لائن درست کر رہے تھے جب وہ سرحد پار سے مارٹر کے گولے کی زد میں آ گئے۔ '
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں تین انڈین فوجی ہلاک ہو گئے ہیں اور چند دوسرے زخمی ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب انڈیا کے فوجی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ انھوں نے ایک انڈین فوجی کی ہلاکت کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے سات پاکستانی جوانوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈین میڈیا میں چار دیگر پاکستانی جوانوں کے زخمی ہونے کی خبریں بھی ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے انڈیا کے آرمی چیف جنرل بپن راوت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر حکومت نے حکم دیا تو انڈین آرمی سرحد پار کر کے پاکستان میں آپریشن کرنے سے نہیں ہچکچائے گی۔
اس کے جواب میں پاکستانی فوج کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ 'انڈیا کو جو چیز روک رہی ہے وہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت ہے تاہم وہ ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔'