آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا مبینہ قتل
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس کا کہنا ہے کہ پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو برادری کے فیصلے کے تحت قتل کرنے کے بعد خاموشی سے دفن کردیا گیا، پولیس نے لڑکے کے والد سمیت نو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ایس ایس پی اورنگی ساجد بلوچ نے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کو بتایا کہ رواں ماہ کی 19 تاریخ کو ایک جوڑے نے مومن آباد میں ایک کمرے کا گھر کرائے پر لیا تھا، 24 نومبر کو گھر کے مالک کو محلے دراوں نے بتایا کہ آپ نے جو گھر کرائے پر دیا ہے اس کا دروازہ کھلا ہے اور اندر خون پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ایس ایس پی کے مطابق ’پولیس جب جائے وقوع پر پہنچی تو کمرے کے اندر اور باہر خون کے نشانات موجود تھے جبکہ لاشیں نہیں تھیں اور گولی کے خول یا آلہ وغیرہ بھی دستیاب نہیں تھا۔
ایس ایس پی ساجد بلوچ کے مطابق پولیس نے 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے، جن میں لڑکے کا چچا، والد اور دیگر رشتے دار شامل ہیں جبکہ لڑکی کے والد، بھائی اور جہاں اس کی منگنی کی گئی تھی وہ فرار ہو گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی نشاندھی پر بلدیہ میں واقع قائم خانی قبرستان سے لاشیں برآمد کی گئی ہیں اور یہ لاشیں بوری میں بند تھیں، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تاہم ابتدائی طور پر ایسا ہی لگتا ہے کہ دونوں کو چاقو مارکر قتل کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساجد بلوچ کا کہنا ہے کہ عبدالہادی اور حسیناں کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہیں، دونوں نے ڈیڑھ مہینہ قبل گھر سے فرار ہو کر پسند کی شادی کی تھی، اب تفتیش میں یہ بھی دیکھنا ہے کہ جائے وقوع سے پہلے وہ کہاں رہائش پذیر تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خاندان آپس میں رشتے دار ہیں، ان کا اصل تعلق کوہستان سے ہے جبکہ کراچی میں وہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے نواب کالونی میں رہتے ہیں۔ ہادی اور حسیناں کی شادی پر خاندان راضی نہیں تھا، دونوں کے فرار ہونے پر گھر والے ناراض تھے۔
مومن آباد تھانے میں قید ہادی کے والد نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ ہم نے ہادی اور مسکین کی بیٹی کو مشورے سے غیرت کے نام پر قتل کیا ہے لیکن دونوں کو مسکین نے قتل کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’مسکین ہادی کا سگا ماموں ہے، اس نے قتل کرنے کے بعد ہمیں بندہ بھیجا کہ تمہارا بیٹا میری بیٹی کے ساتھ تھا وہ پہلے بھی اسے بھگا کر لے گیا تھا ہم نے دونوں کو مار دیا ہے۔‘