بینظیر بھٹو کی بیٹیوں کا سابق فوجی جنرل پرویز مشرف کو جواب

پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بیٹیوں آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پیغامات میں سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف پر شدید تنقید کی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے الزام عائد کیا تھا کہ بینظیر بھٹو اور ان کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے ذمہ دار آصف علی زرداری ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سابق ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف کو چیلنج دیتی ہے کہ وہ وطن واپس آکر محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں عدالتوں کا سامنا کریں اور اس کے ساتھ ساتھ آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت غداری کے مقدمے کا بھی سامنا کریں۔

جمعرات کو بختاور بھٹو نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ مشرف کو ٹاک شوز چھوڑ کر عدالت میں آ کر بات کرنی چاہیے۔ اس کے بعد صارف راویز جنیجو کے پیغام کے جواب میں بختاور بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو کو دھمکیاں دینے اور سیکیورٹی فراہم نہ کرنے کے بعد مشرف ایک بزدل کی طرح روتے ہوئے بھاگ گئے، وہ گالف کورسز پر مصروف ہیں اور انھیں پاکستان لوٹ کر عدالت کا سامنا کرنا چاہیے۔ ’

اس کے علاوہ آصفہ بھٹو زرداری نے ایک اور صارف اسد ذولفقار خان کے اس پیغام کو ری ٹوئیٹ کیا کہ مشرف اور پاکستانی فوج بی بی کے قتل کی ذمہ دار ہیں۔

اس کے علاوہ ایک اور پیغام میں انھوں نے کہا کہ انھیں شرم آ رہی ہے اس بات پر کہ میڈیا ہاؤسز اس بھاگ جانے والے قاتل کو اتنی توجہ دے رہے ہیں۔

اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے پرویز مشرف کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ جنرل مشرف آصف علی زرداری کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں تین اپیلوں کی سماعت جمعرات کے روز قابل سماعت ہونے کے بعد گھبرا گئے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کو محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کیس میں پہلے فریق نہیں بننے دیا گیا تھا اور جنرل مشرف یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ان کا جرم کبھی بھی بے نقاب نہیں ہوگا اور وہ سزا سے بچ جائیں گے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ہی سابق فوجی آمر پرویز مشرف کو جو کہ اس وقت دبئی میں مقیم ہیں، بینظیر قتل کیس میں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتہاری قرار دیا تھا۔

فیصلے میں زیر حراست پانچ مرکزی ملزمان کو بری کرتے ہوئے دو پولیس افسران کو مجرمانہ غفلت برتنے پر 17 برس قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

پرویز مشرف نے کہا کہ اس پیغام میں وہ بینظیر کے بچوں، خاندان، سندھ کے لوگوں اور ملک کے عوام سے مخاطب ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ اپنا ایک تجزیہ بتانا چاہتے ہیں کہ بینظیر کا قاتل کون ہے؟

'میں سمجھتا ہوں کہ تمام بھٹو فیملی کی تباہی کا باعث اور بھٹو فیملی میں مرتضیٰ بھٹو اور بینظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار ایک آدمی ہے، آصف زرداری۔ دونوں کو اس نے قتل کروایا ہے۔'