انڈیا کے مسلمانوں نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ وہ ایک متحدہ قوم ہیں: جناح

    • مصنف, اسد علی
    • عہدہ, بی بی سی اردو، لندن

بانی پاکستان اور ملک کے پہلے گورنر جنرل محمد علی جناح نے پہلے یوم آزادی پر پاکستانیوں کے نام خطاب میں کہا کہ 15 اگست آزاد اور خودمختار ملک پاکستان کا یوم آزادی ہے۔

انھوں نے خطاب کے پہلے حصے میں ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے ملک بنانے میں بڑی قربانیاں دیں اور کہا کہ پاکستان ان کا ہمیشہ احسان مند رہے گا

ملک کے پہلے گورنر جنرل نے پاکستان کے شہریوں سے کہا کہ نئے ملک کا قیام ان پر بھاری ذمہ داری عائد کرتا ہے اور یہ موقع بھی دیتا ہے کہ وہ دنیا کو بتا سکیں کے کسی طرح مختلف طبقات کے ملنے بنی ایک قوم اتحاد سے رہ سکتی ہے اور رنگ و نسل کے امتیاز سے بالاتر ہو کر سب کی فلاح کے لیے کام کر سکتی ہے۔

انھوں نے پاکستان کی طرف سے اپنے پڑوسیوں اور دنیا بھر کو امن کا پیغام دیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں اور یہ ملک اقوام متحدہ کے چارٹر کا پابند ہے۔ مسٹر جناح نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن اور خوشحالی کے لیے کام کرے گا۔

محمد علی جناح نے کہا کہ انڈیا کے مسلمانوں نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ وہ ایک متحدہ قوم ہیں اور ان کا مطالبہ بالکل جائز ہے جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔

بانی پاکستان محمد علی جناح نے کہا کہ ہمیں اپنے عمل اور خیالات سے اقلیتوں کو بتا دینا چاہیے کہ جب تک وہ وفادار شہریوں کی طرح اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے انہیں فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی سرحدوں پر رہنے والے آزادی پسند قبائل اور پڑوسی ممالک کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور یقین دہانی کرواتے ہیں کہ پاکستان ان کی قانونی حیثیت کا تحفظ کرے گا۔

مسٹر جناح نے کہا کہ ہم وقار سے جینا چاہتے ہیں اور دوسروں کے لیے بھی ایسا چاہتے ہیں۔