سندھ کا انڈیا سے وعدہ، گندم، چاول اور بھوسے کی فراہمی جاری رکھیں گے

    • مصنف, اسد علی
    • عہدہ, بی بی سی اردو، لندن

(پندرہ اگست تک آپ ہر روز تین اخبارات ڈان، دی ہندوستان ٹائمز اور ایسٹرن ٹائمز میں 70 برس پہلے شائع ہونے والےخبروں کا خلاصہ یہاں پڑھ سکیں گے)

ڈان 6 اگست

،تصویر کا ذریعہBritish Library

،تصویر کا کیپشنسندھ کی وزارت کی قیادت مسٹر غلام حسین ہدایت اللہ کر رہے تھے

سندھ کا احسن اقدام(ڈان کا چھ اگست کا اداریہ)

حکومتِ سندھ نے ایک احسن فیصلے میں ہندوستان کی حکومت کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ پاکستان کی حکومت کے قیام کے بعد بھی وعدے کے مطابق گندم، چاول اور بھوسے کی فراہمی جاری رکھے گی۔ سندھ میں ضرورت سے زیادہ خوراک پیدا ہوتی ہے۔

انڈیا میں جب سے خوراک کی قلت پیدا ہوئی ہے سندھ انتہائی باقاعدگی سے متاثرہ علاقوں کو خوراک فراہم کر رہا ہے۔

اگر لیگ کی وزارت جس کی قیادت مسٹر غلام حسین ہدایت اللہ کر رہے ہیں، ضروری اور بر وقت امداد فراہم نہ کرتی تو بہت سی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔ سندھ کی حکومت میں کبھی لالچ کا جذبہ پیدا نہیں ہوا۔

ایسٹرن ٹائمز 6 اگست

،تصویر کا ذریعہBritish Library

،تصویر کا کیپشناخبارات میں کہیں بہت بڑی تبدیلی اور کہیں معمول کی روز مرہ زندگی کی جھلک ملتی تھی

ایسٹرن ٹائمز

بہار کے طلبا سے اپیل

بہار مسلم سٹوڈنٹ فیڈریشن کے صدر نے صوبے کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پچھلے سال کی طرح اس بار بھی تعلیمی اداروں اور سرکاری عمارتوں پر ترنگا لہرانے پر نہ جھگڑیں۔ انھوں نے مسلم طالب علموں سے کہا کہ وہ اپنے لیے مخصوص ہاسٹلوں پر ترنگا لہرانے کی مخالفت نہ کریں۔ سٹوڈنٹ فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ وہ ترنگے کی تعظیم کریں کیونکہ یہ ہر رنگ، نسل اور ذات کے لیے انڈین یونین کی نشانی ہے۔

الور میں ہندی

الور کے مہاراجہ نے ریاست میں ہندی کو سرکاری زبان قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔ خبر کے مطابق 'انتظامی کونسل کی تمام کارروائی ہندی اور ناگری رسم الخط میں ہوگی'۔ خبر کے آخر میں نوٹ تھا کہ 'اردو زبان جس پر موجودہ حکمران نے پابندی لگا دی ہے کئی نسلوں سے ریاست کی ایک سرکاری زبان تھی اور مہاراجہ کے ایک جد امجد اردو زبان کے بڑے سرپرست تھے اور الور کبھی اردو مشاعروں کے لیے مشہور تھا۔'

(نوٹ: یہ تحریر بی بی سی اردو پر 6 اگست 2017 کو بھی شائع ہو چکی ہے)