پاکستانی جھنڈے کا ڈیزائن طے ہو گیا
- مصنف, اسد علی
- عہدہ, بی بی سی اردو، لندن
(پندرہ اگست تک آپ ہر روز تین اخبارات ڈان، دی ہندوستان ٹائمز اور ایسٹرن ٹائمز میں 70 برس پہلے شائع ہونے والےخبروں کا خلاصہ یہاں پڑھ سکیں گے)

،تصویر کا ذریعہBritish Library
پاکستانی عملے کی آمد شروع
پاکستان کے دو مزید وزیر مسٹر عبدالرب نشتر اور جوگندر ناتھ منڈل بذریعہ فرنٹیر میل کراچی کے لیے روانہ ہو گئے۔ مسٹر غضنفر علی خان دو روز پہلے ہی روانہ ہو گئے تھے۔ خیال ہے مسٹر محمد علی جناح اور دیگر وزارء سات اگست تک روانہ ہوں گے۔
'گلوب' کو ایک انٹرویو میں مسٹر نشتر نے پاکستان اور ہندوستان کے کچھ مشترکہ مسائل کا ذکر کیا جن کے بارے میں انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مل کر مذاکرات کے ذریعے انہیں حل کرنا ہو گا۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان بننے کے بعد ہندوستان میں کچھ تلخیاں اب بھی موجود ہیں۔
پاکستان کے اکیس محکموں کا عملہ جس کی کل تعداد 600 ہے اور 90 خاندانوں پر مشتمل ہےنئی دلی سے خصوصی ٹرین کے ذریعے کراچی پہنچ گیا۔
مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا کہ پاکستانی جھنڈے کا ڈیزائن طے ہو گیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ یہ بھی سوچا جا رہا ہے کہ جھنڈے کی اندرونی طرف بھی ایک گہرے سبز رنگ کی پٹی ہونی چاہیے تاکہ سفید رنگ مزید نمایاں ہو جائے۔

،تصویر کا ذریعہBritish Library
مسلم خواتین کا مطالبہ
پشاور میں مسلم لیگ کی اراکین نے ایک قرارداد میں فرنٹیئر صوبے کی خواتین کے لیے پاکستان کی آئین ساز اسمبلی میں ایک نشست کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان سپیشل ٹرین
پاکستان کی حکومت کے عملے اور ان کے اہل خانہ کو لے کر آنے والی پاکستان سپیشل ٹرین جب کراچی پہنچی تو دس ہزار لوگوں نے اس کا استقبال کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سٹاپ پریس
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لائل پور نے ریک بازار میں چھرا گھونپنے کی ایک واردات کے بعد شہر کی میونسپل حدود میں 16 گھنٹے کا کرفیو لگانے کا اعلان کیا ہے۔
پنجاب باؤنڈری فورس
دونوں ممالک کی حکومتوں کی رضامندی سے پنجاب کے 12 متنازع اضلاع کے لیے پنجاب باؤنڈری فورس کے نام سے خصوصی فورس قائم کی گئی ہے۔
دو اعلیٰ فوجی افسر جن میں پاکستان کی طرف سے بریگیڈیئر محمد ایوب خان اور انڈین یونین کی طرف سے بریگیڈیئر دگمبر سنگھ برار کو اس فورس کے لیے میجر جنرل ریس کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ فورس لاہور، امرتسر، گورداسپور، ہوشیارپور، جالندھر، لدھیانہ، فیروزپور، منٹگمری، لائل پور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں تعینات کی جائے گی۔

،تصویر کا ذریعہBritish Library
گجرات اور کاٹھیاوار میں بھوک کے شکار لوگوں کا احتجاج اور اناج کے لیے فسادات
کاٹھیاوار کے کچھ دیہات میں اناج کی تلاش میں مسلح گروہ باہر آئے۔ ایک گاؤں میں لوگوں نے اناج کے ایک تاجر کو ذخیرہ کیا ہوا اناج حوالے نہ کرنے پر ہلاک کر دیا۔
علاقے میں ایک سرکاری اہلکار نے اناج کے ایک تاجر کو اپنا مال ایک کو آپریٹو سوسائٹی کے حوالے کرنے کا حکم دیا اور مزید کارروائی کا وعدہ کیا۔
رام پور میں کشیدگی
رام پور میں چند غنڈہ عناصر کی کارروائیوں کے نتیجے میں صورتحال کشیدہ ہے۔ بظاہر اس کے پیچھے وہ سیاسی گروپ ہیں جو ریاست کو انڈیا کا حصہ نہیں بننے دینا چاہتے۔
نوٹ یہ تحریر بی بی سی اردو پر پانچ اگست 2017 کو بھی چھپ چکی ہے۔







