پاکستان: وزارت عظمیٰ کے امیدواروں کا پہلا قدم

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کی حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے عبوری وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار شاہد خاقان عباسی اور تحریک انصاف کے امیدوار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اتوار کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں۔
نئے وزیراعظم کا انتخاب یکم اگست کو منگل کے روز ہوگا جس کے لیے صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس اس دن سہ پہر تین بجے طلب کرلیا ہے۔
کاغدات نامزدگی کی وصولی کے وقت شاہد خاقان عباسی کے ساتھ سابق کابینہ میں ان کے ساتھی عبدالقادر بلوچ اور شیخ آفتاب بھی موجود تھے۔
عوام مسل لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد حال ہی میں تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سابق وفاقی وزیر بابر اعوان اور مرتضیٰ ستی کے ساتھ آئے تھے۔
بی بی سی اردو کے ہارون رشید کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور ان کی اتحادی جماعتوں کو قومی اسمبلی میں 214 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے لہذا شاید خاقان عباسی کا انتخاب بظاہر طے شدہ بات ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حزب اختلاف کی تمام سیاسی جماعتیں اگر ایک امیدوار کی حمایت پر متفق ہو جائیں تو بھی عددی اعتبار سے ان کی نشستوں کی تعداد انہیں کامیابی نہیں دلوا سکتی۔
عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید کو ابتدائی طور پر تحریک انصاف کے علاوہ کسی دوسری بڑی سیاسی جماعت کی حمایت حاصل نہیں ہے۔
حزب اختلاف کی بڑی جماعت پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ وہ متفقہ امیدوار لانے کی کوشش کرے گی لیکن بظاہر فوری طور پر انہیں اس جانب کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

،تصویر کا ذریعہAAMIR QURESHI
نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق 30 جولائی کو سہ پہر 3 بجے تک سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر سے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں 31 جولائی کو دوپہر دو بجے تک کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے جس کے بعد قومی اسمبلی کے سپیکر تین بجے تک ان کی جانچ پڑتال کریں گے اور امیدواروں کی فہرست جاری کریں گے۔
یکم اگست بروز منگل 3 بجے قومی اسمبلی میں وزیراعظم پاکستان کا انتخاب ہو گا۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ جمعے پاناما پیپرز کے مقدمے میں فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا۔ پنجاب ہاؤس میں ہفتے کو مسلم لیگ نواز کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔









