'رشتہ آ نہیں رہا، رشتہ آ گیا ہے‘

    • مصنف, فرحت جاوید
    • عہدہ, بی بی سی اردو، اسلام آباد

اگر آپ کو گھر بسانے کے لیے جیون ساتھی کی تلاش ہے تو اب اخبار میں اشتہار کی ضرورت ہے نہ ہی رشتہ کرانے والی کسی خاتون کو ڈھونڈنے کی۔

مشہور ایپ کریم نے اپنے صارفین کے لیے دوروزہ سروس کا آغاز کیا ہے جس کا نام 'رشتہ آنٹی' ہے۔ اور کریم کے مطابق یہ رشتہ تلاش کرنے کا 'حلال' طریقہ ہے۔

کریم ایک ٹیکسی سروس ہے جو موبائل ایپ کے ذریعے طلب کی جاتی ہے۔

آج اس ایپ کی جانب سے صارفین کو بھیجے جانے والے پیغام میں کہا گیا ہے:'بس کر ہمیشہ اکیلے رہنے کا نعرہ، اب سٹیٹس 'ٹیکن' ہو گا تمہارا'

کریم کی مارکیٹنگ ایگزیکٹیو تنزیلہ اسلم کہتی ہیں کہ رشتوں کی تلاش پاکستان کا اہم مسئلہ ہے اور اسی کے حل کے لیے کریم نے رشتہ آنٹی کے نام سے یہ پیشکش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ دو ماہ سے صارفین کو یہ سہولت فراہم کرنے پر کام کر رہے تھے اور اس دوران کئی خواتین کے انٹرویو کیے گئے۔ 'اس وقت رشتہ کرانے والی چھ خواتین کریم کی گاڑیوں پر موجود ہیں جنھیں ہم نے خصوصی تربیت بھی دی ہے کہ کس طرح صارفین سے سوالات کرنے ہیں تاکہ ان کی دل آزاری بھی نہ ہو۔'

تنزیلہ اسلم کے مطابق اس مرحلے میں رشتہ کرانے والی یہ خواتین صرف کوائف اکٹھے کریں گی کہ 'رشتہ تلاش کرنے والوں کی ترجیحات کیا ہیں۔' واضح رہے کہ یہ پیشکش اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں دو دن یعنی 19 اور 20 جولائی کو فراہم کی جا رہی ہے ، جو دن 12 بجے سے رات دس بجے تک دستیاب ہو گی۔

تنزیلہ اسلم کے مطابق صارفین 'کریم رائیڈ کی بُکنگ کروائیں جس میں ان کے ساتھ ایک رشتہ کرانے والی خاتون بھی موجود ہوں گی۔' ان کا کہنا ہے کہ اس سروس کے اضافی چارجز بھی نہیں ہیں۔

کریم کی جانب سے جاری اشتہار میں لکھا گیا ہے: 'کریم آپ کو ''حلال'' طریقے سے اپنا جیون ساتھی تلاش کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ سفر میں آپ کے ہمراہ ایک رشتہ آنٹی بھی ہوں گی۔'

اشتہار میں لکھے لفظ 'حلال' کو سوشل میڈیا پر خاصی تنقید کا سامنا بھی ہے۔

'رشتہ آنٹی' کی یہ منفرد اور غیرمتوقع پیشکش آج صبح اس وقت سامنے آئی جب کریم ایپ کے صارفین کو یہ ای میل ملی کہ 'آپ کا رشتہ آ گیا ہے۔'

یہ پیشکش یقینا بہت سے لوگوں کے لیے نہایت حیران کن تھی جس کا اظہار سوشل میڈیا پر بھی کیا گیا۔

صحافی صائمہ محسن نے اس پیشکش کو ڈیٹنگ سائیٹ ٹِنڈر سے جوڑتے ہوئے کہا ہے کہ 'کیا یہ ٹِنڈر کا پاکستانی متبادل ہے؟ آپ کی معلومات کے لیے، رشتہ ایک ارینج میرج ہے۔۔۔۔ ٹیکسی پر سواری کے دوران۔'

ایک صارف نے کہا 'اب سنگل ہونے پر کریم سروس بھی میرا مذاق اڑا رہی ہے، 'جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ 'رشتہ آ نہیں رہا، رشتہ آ گیا ہے۔'

ایک صارف نے لکھا کہ ان کی بیوی نے جب ان کے فون پر کریم ایپ کا یہ پیغام دیکھا کہ آپ کا رشتہ آ گیا ہے تو ان سے سوال کیا کہ 'آخر یہ کیا ہے؟'

یوٹیوبر جیدارہ سندس نے کہا کہ 'آج سب کے لیے ایک بڑا دن ہے کیونکہ اب سب کو رشتہ مل جائے گا،' اور شہروز نامی ایک شخص نے کریم سے ہی پوچھا کہ آخر یہ کیسا پیغام ہے، جس پر کریم کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ان سے سوال کیا کہ 'کیا انھوں نے

یہ رائیڈ بُک نہیں کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 'مجھے جلد از جلد رشتہ چاہییے؟' جبکہ ایک صارف نے تو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ' کنوارو، پھر نہ کہنا کہ خبر نہ ہوئی۔'