پاکستانی سفارت خانے کے اہلکاروں کی کابل میں حراست پر پاکستان کا افغانستان سے احتجاج

پاکستان کی وزارت خارجہ نے افغان نائب ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو حراست میں لیے جانے کے واقعے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق افغان نائب ناظم الامور کو بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کے منافی ہے اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی روح کے خلاف ہے۔

افغان اہلکار سے مزید کہا گیا ہے کہ ایسے واقعات دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کو نقصان پہنچائیں گے اور اس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں افغان حکومت ایسے اقدام اٹھائے گی جس سے پاکستان کے سفارت خانے کے اہلکاروں کی جان و مال کو خطرہ پیش نہ آئے اور نہ ہی ایسے واقعات دوبارہ رونما ہوں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان چمن کی سرحد پر جھڑپوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

حکام کے مطابق مئی کے اوائل میں افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن کے قریب گولہ باری سے 12 افراد ہلاک اور کم از کم 42 زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد چمن سرحد کو بند کر دیا گیا تھا۔

جواب میں پاکستان فوج کی جانب سے کارروائی کی گئی جس کے بارے میں انسپیکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل ندیم احمد نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’افغان بارڈر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے 50 اہلکار ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے۔'

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اصل تنازع 28 اپریل کو شروع ہوا جب پاکستانی فوج نے افغان حکام کو اطلاع دی کہ وہ چمن سرحد کے قریب دو دیہاتوں میں مردم شماری کے لیے جا رہے ہیں۔ جس کے بعد وہاں افغان فورسز نے انھیں روک دیا اور کہا کہ یہ افغان علاقہ ہے۔

اس پر پاکستانی حکام نے انہیں نقشوں کی مدد سے سمجھانے کی کوشش کی لیکن تنازع حل نہ ہوا لہٰذا اس روز ٹیم واپس لوٹ گئی۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق اس کے بعد متعدد مرتبہ افغان حکام سے رابطہ کیا گیا اور اپنی خواہش کا اظہار کیا گیا لیکن چار مئی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ جس کے بعد ٹیم ایک مرتبہ پھر وہاں روانہ کی گئی اور پھر جھڑپ ہوئی اور 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

تاہم افغان میڈیا میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کو وہاں جانے سے منع کیا گیا تھا لیکن پاکستان نے بات نہیں سنی۔ نتیجے میں چمن سرحد بند کر دی گئی اور تعلقات ایک مرتبہ پھر تلخی کی انتہا تک پہنچ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ جھڑپ کے بعد سے دو فلیگ میٹنگز اب تک بے نتیجہ رہی ہیں۔