آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
جاسوسی کا الزام، لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ پاکستانی فوج کی تحویل میں
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ لیاری گینگ وار کے اہم کردار عزیر بلوچ کو فوج نے غیر ملکی خفیہ اداروں کو ملکی راز فراہم کرنے کے الزام کے تحت اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے منگل کو رات گئے ٹوئٹر پر شائع پیغامات میں بتایا گیا ہے کہ عزیر بلوچ کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت فوجی تحویل میں لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے سربراہ کے مطابق عزیر بلوچ پر ملک کی جاسوسی یعنی غیر ملکی خفیہ اداروں کو حساس حفاظتی معلومات کی فراہمی کا الزام ہے۔
ترجمان کی جانب سے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان رینجرز سندھ نے جنوری سنہ 2016 میں کراچی کے علاقے لیاری میں گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
عزیر بلوچ کے خلاف لیاری کے مختلف تھانوں میں قتل اور اقدام قتل سمیت بھتہ خوری کے کئی مقدمات درج ہیں جن میں سے ایک مقدمے میں حال ہی میں انھیں بری بھی کیا گیا تھا۔
عزیر بلوچ سنہ 2013 میں کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن شروع ہونے کے بعد بیرون ملک چلے گئے تھے جس کے بعد سندھ حکومت نے کئی مرتبہ ان کے سر کی قیمت مقرر کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عزیر بلوچ نے لیاری امن کمیٹی کے نام سے ایک تنظیم قائم کی تھی جس کے بارے میں متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا تھا کہ یہ تنظیم بھتہ خوری سمیت کئی جرائیم میں ملوث ہے، جس کے بعد ایم کیو ایم ہی کے مطالبے پر پیپلزپارٹی کی گذشتہ حکومت کے وزیرِ داخلہ نے لیاری امن کمیٹی پر پابندی عائد کر دی تھی۔