آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شیخوپورہ میں مسافر ٹرین اور آئل ٹینکر میں تصادم، دو افراد ہلاک
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ حکام کے مطابق میں ہرن مینار کے قریب مسافر ٹرین اور آئل ٹینکر کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔
حادثہ پیر اور منگل کی درمیانی شب لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ہرن مینار روڈ پر ڈیرہ خورشید کے علاقے میں نبی پورہ پھاٹک پر پیش آیا۔
پاکستان ریلویز کے ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نجم ولی خان نے بی بی سی کے نامہ نگار عمر دراز کو بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں انجن ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ چھ افراد زخمی ہیں۔
نجم ولی خان کے مطابق ٹرین کے مسافروں کو لاہور لایا جائے جہاں سے انھیں کراچی روانہ کیا جائے گا۔
حادثے کے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ منتقل کیا گیا ہے۔
تصادم کے بعد ٹرین کی کم از کم چار بوگیوں میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ جائے حادثہ پر فائربریگیڈ کا عملہ پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں کی گئیں۔
سرکاری ٹی وی مطابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے حادثے کا نوٹس لے لیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ پاکستان میں ٹرینوں کے حادثے عام ہیں جن کی وجہ عام طور پر ناقص حفاظتی انتظامات اور شکستہ بنیادی ڈھانچہ ہوتا ہے۔
رواں سال جنوری میں جنوبی پنجاب کے شہر لودھراں میں ایک ٹرین اور موٹر سائیکل رکشے میں ٹکر سے چھ طلبہ ہلاک اور چار زخمی ہو گئے تھے۔
جبکہ گذشتہ برس نومبر میں کراچی کے لانڈھی ریلوے سٹیشن کے قریب زکریا ایکسپریس اور فرید ایکسپریس کے ٹکرانے سے 21 افراد ہلاک اور جبکہ 60 زخمی ہوئے تھے۔