خوبرو چائے والے کا مقدر چمک گیا

چائے والا ماڈل

،تصویر کا ذریعہJAVERIA ALI

،تصویر کا کیپشنچائے والا

پاکستان کے دارالحکومت میں ایک خوبرو چائے والے کی ایک تصویر انٹرنیٹ پر سامنے آنے کے بعد راتوں رات ان کا مقدر کا ستارہ چمکنے لگا ہے۔

ارشد خان جن کی عمر صرف اٹھارہ برس ہے انھیں چند دن قبل ایک خاتون فوٹوگرافر جویریا علی نے اسلام آباد کے اتوار بازار میں ایک چھوٹے سے چائے کے سٹال پر چائے ڈالتے ہوئے دیکھا اور ان کی ایک تصویر بنا لی۔

ٹوئٹر پر ہزاروں دل والوں نے فوراً اس تصویر کو شیئر کرنا شروع کردیا۔ دل میں اتر جانے والی نشیلی آنکھوں نے سوشل میڈیا پر چائے والے کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا۔

چند دن بعد ہی اتوار بازار کا یہ چائے والا اپنی پہلی ماڈلنگ مہم میں کیمروں کے سامنے تھا۔

ایک مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اس چائے والے نے کہا کہ ان کا خاندان گزشتہ پچیس برس سے اسلام آباد میں مقیم ہے لیکن انھوں نے چند ماہ قبل ہی چائے کے سٹال پر کام شروع کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس سے قبل انھوں نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ٹوئٹر اور انسٹاگرام کے بارے میں کبھی نہیں سنا تھا۔

پاکستان کے ایک مقامی اخبار نے جب ان سے پوچھا کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ اتنے مشہور ہو گئے ہیں تو ان کا جواب تھا کہ وہ اچانک مشہور ہو جانے پر حیران کن حد تک خوش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کے دوست انھیں ان کا تصاویر دکھا رہے ہیں۔

بھارت میں ٹوئٹر استعمال کرنے والی ایک خاتون شرتی نے دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کے پس منظر میں لکھا کہ پاکستان میں چائے والا ایسا ہے تو برائے مہربانی اس ملک پر بم نہ چلائیں۔

فیش والا

،تصویر کا ذریعہFITIN.PK

فوٹوگرافر جویریا علی نے کہا کہ انھیں پوری امید تھی کہ اس تصویر کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو گی۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ ارشد خان کے بارے میں نیک تمنا رکھتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 'میں اس بارے میں بہت خوش ہوں۔ وہ اس کے حق دار تھے۔ وہ بہت اچھے ہیں۔ میں امید کرتی ہوں وہ اس شہرت کو ہضم کرپائیں گے اور لالچی لوگوں کے چنگل میں نہیں آئیں گے۔'