کراچی میں پاکستانی فضائیہ کا جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

پاکستانی فضائیہ کا ایک طیارہ کراچی میں واقع مسرور ایئر بیس کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

حادثے کے نتیجے میں جہاز کا پائلٹ ہلاک ہو گیا ہے۔

پاکستانی فضائیہ کے ایک بیان کے مطابق گرنے والا طیارہ معمول کے تربیتی مشن پر تھا جب اسے منگل کو حادثہ پیش آیا۔

بیان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں زمین پر کسی قسم کا جانی یا نقصان نہیں ہوا ہے۔

بیان کے مطابق پی اے ایف ہیڈ کوارٹرز نے اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں پاکستان فضائیہ کے متعدد جہاز حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔

رواں برس 26 ستمبر کو پاکستانی فضائیہ کا ایک طیارہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں جمرود کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا اس حادثے میں طیارے میں سوار پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

نومبر سنہ 2015 میں اسی طرح کا ایک طیارہ صوبہ پنجاب کے علاقے کندیاں ضلع میانوالی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں ایک خاتون پائلٹ مریم مختار ہلاک ہو گئی تھیں۔

مئی سنہ 2015 میں خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کی پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

جون سنہ 2014 کو بھی کراچی ہی میں پاکستانی فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ 'آپریشنل ٹرینگ مشن' کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا۔ طیارے میں سوار دونوں پائلٹس سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔