کینیڈا: مارٹن حکومت کے دن تمام | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کینیڈا میں وزیر اعظم پال مارٹن کوعدم اعتماد کے بعد حکومت سے باہر کر دیا گیا ہے۔ یہ تبدیلی پال مارٹن کی لبرل پارٹی کے بدعنوانی میں ملوث ہونے کے ایک سکینڈل کے بعد حزب مخالف کی تین بڑی پارٹیوں کی طرف سے ایک مشترکہ تحریک کے نتیجے میں آئی ہے۔ پال مارٹن منگل کے روز اپنی کابینہ کی تحلیل کی درخواست کریں گے جس کے ساتھ ہی عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائےگا۔ غالب امکان ہے کہ یہ انتخابات سولہ یا تئیس جنوری کو ہوں گے۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق ووٹروں کی اکثریت پال مارٹن کی لبرل پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالے گی لیکن وہ اپنی حکومت نہیں بنا پائے گی۔ پیر کو حزب اختلاف کی طرف سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد میں لبرل پارٹی کی حکومت کو 133 ووٹ ملے جبکہ تحریک کے حق میں 171 ووٹ پڑے۔ اس موقع پر حزب اختلاف کی بڑی جماعت کنزرویٹو کے رہنما سٹیفن ہارپر نے کہا کہ یہ ایک تاریخی شام ہے کیونکہ ’ آج نہ صرف ایک سکینڈلوں سے بھری اور بے سمت حکومت کا خاتمہ ہوا ہے بلکہ یہ اس عظیم ملک کے نئے درخشاں مستقبل کا آغاز بھی ہے۔‘ ادھر پال مارٹن کے مطابق انہیں اعتماد ہے کہ ان کی جماعت انتخابات جیت جائے گی۔ پال مارٹن سترہ ماہ پہلے وزیر اعظم بنے تھے لیکن وہ اس دوران اپنی پیش رو لبرل انتظامیہ پر لگائے جانے والے بد عنوانی کے داغ کو دھونے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ گزشتہ عشرے کے آخرمیں لبرل پارٹی کی حکومت نے اشتہاری کمپنیوں کو پچاس ملین امریکی ڈالر کی خطیر رقم دی تھی جس کے عوض ان سے کوئی خاص کام نہیں لیا گیا تھا۔ تب سے یہ الزامات سانے آتے رہے ہیں کہ حکومتی ارکان نے اشتہاری کمپنیوں کوٹھیکے دیتے وقت بھاری رشوتیں لیں تھیں۔ اگرچہ یہ بات تسلیم کی جاتی ہے کہ خود پال مارٹن اس سکینڈل میں ملوث نہیں تھے لیکن ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے ارکان کی اس حرکت کی وجہ سے وہ اخلاقی برتری کھو چکے ہیں۔
اس سے قبل مئی میں بھی پال مارٹن کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی تھی لیکن اس وقت وہ محض ایک ووٹ سے اپنی حکومت بچانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ عدم اعتماد کی حالیہ تحریک کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کی وجہ لبرل پارٹی اور حزب اختلاف کی نیو ڈیموکریٹ پارٹی کے درمیان صحت عامہ کے شعبے میں پرائیویٹ علاج پر کیے جانے والے اخراجات ہیں۔ ان اختلافات کے بعد نیوڈیموکریٹ پارٹی نے حزب اختلاف کی دوسری دو جماعتوں کے ساتھ ملک کر حکومت پر قبل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا جس میں ناکامی کے بعد تینوں جماعتوں نے عدم اعتماد کی مشترکہ تحریک کے ذریعے پیر کو پال مارٹن کی حکومت کو اقتدار سے باہر کر دیا۔ | اسی بارے میں کینیڈین خواب: نا مکمل متلاشی 29 May, 2005 | قلم اور کالم فلاحی ملک کی صلاح24.01.2003 | صفحۂ اول مشرف: کینیڈا میں مایوسی26 September, 2003 | صفحۂ اول امریکہ چھوڑیں کینیڈا چلیں06 November, 2004 | صفحۂ اول | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||