زلزلہ: نیٹو مددگار فوجی بھیجنے پر آمادہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نیٹو نے پاکستان میں زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کیلیے ایک ہزار تک فوجی بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ برسلز میں نیٹو کے حکام نے بتایا ہے کہ ان فوجیوں کا تعلق انجینئرنگ اور میڈیکل سے ہو گا اس کے علاوہ مختصر تعداد میں ہیلی کاپٹر بھی بھیجے جائیں گے۔ ان فوجیوں میں اٹلی پولینڈ اور اسپین کے انجیینئرز شامل ہونگے جن کا اصل کام متاثرہ علاقوں میں زلزلے سے تباہ شدہ سڑکوں کی تعمیر ہوگا۔ اس کے علاوہ نیٹو کی جانب سے ایک موبائل میڈیکل یونٹ بھیجنے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے جو جلد متاثرہ علاقوں میں پہنچ جائے گا۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ زلزلے میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے اور تیس لاکھ کے لگ بھگ لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ اس قبل صدر مشرف نے کہا تھا کہ تعمیر نو کے لیے امداد کے جو وعدے کیے گئے ہیں وہ ’بالکل ناکافی‘ ہیں۔ بی بی سی کے دفاعی نامہ نگار روب واٹسن کا کہنا ہے کہ ابھی یہ طے نہیں کیا گیا کے نیٹو فوجی پاکستان کب جائیں گے لیکن اس بات کو طے ہونے میں بہت زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ اس کے علاوہ نیٹو ممالک نے جو امداد دی ہے وہ اقوام متحدہ کی امداد کے طور پر پہلے بھی پاکستان کو بھیجی جا چکی ہے۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ نے امدادی سامان لے جانے کے لیے مزید پرازیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور جے نتیجے میں سامان کی ترسیل میں تیزی آ جائے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||