 |  ’یہ مشقیں کسی تیسری طاقت کے خلاف نہیں ہیں‘ |
چین اور روس مشترکہ فوجی مشقیں شروع کر رہے ہیں۔ چین کی وزارت دفاع نے 18 اگست سے شروع ہونے والی ان فوجی مشقوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ’امن مشن 2005‘ نامی یہ مشقیں تین مختلف مقامات پر ہوں گی جن میں روس کا مشرقی علاقہ ولادی ووستک، مشرقی چین کا جزیرہ نما شون ڈونگ اور اس کے قریب کےگہرے پانی شامل ہیں۔ وزارت دفاع کے بیان کے مطابق مشقوں میں دونوں ممالک کی بری، بحری اور فضائی افواج کے دس ہزار اہلکار حصہ لیں گے جبکہ روس کا کہنا ہے ان مشقوں میں آبدوزیں بھی استعمال کی جائیں گی۔ چین نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ یہ مشقیں کسی تیسری طاقت کے خلاف نہیں ہیں بلکہ ان کا مقصد چین اور روس کی افواج کو بین الاقوامی دہشت گردی، شدت پسندی اور علیحدگی پسندی کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کے لیے مضبوط بنانا ہے۔ |