مانگنا ترک کریں، افریقیوں کو مشورہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لیبیا کے صدر کرنل معمر قذافی نے افریقی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ مغرب سے ’خیرات مانگنا‘ ترک کر دیں۔ کرنل قذافی افریقی اتحاد کے سربراہی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کے بارے میں توقع ہے کہ یہاں افریقی رہنماء تجارت اور امداد کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ کرنل قذافی نے کہا کہ مانگنے سے افریقہ کا مستقبل نہیں سنورے گا بلکہ اس سے امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھے گا۔ خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق کرنل قذافی کے تیس منٹ کے خطاب پر دبی دبی تعریف ہوئی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے غریب ممالک میں انتخابات کے انعقاد کے لیے اقوام متحدہ کے جمہوری فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔ افریقی اتحاد کے ترپن ممالک کے درمیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دو مستقل سیٹوں کے لیے اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ خیال ہے کہ افریقی ممالک کے اجلاس کے دوران سربراہان کا زیادہ تر وقت امیر ممالک پر افریقہ سے غربت اور بیماریوں کے خاتمے میں مدد کے لیے دباؤ ڈالنے پر صرف ہوگا۔ دریں اثناء سکاٹ لینڈ میں جی ایٹ کے اجلاس کے دوران دنیا کے امیر ممالک افریقہ کے ساتھ تجارت اور اس کے قرضوں میں رعایت پر غور کریں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||