’شام کی مکمل واپسی چاہیے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کے صدر جارج بُش نے شام سے کہا ہے کہ وہ مئی تک لبنان سے مکمل طور پر اپنی فوجیں واپس بلا لے۔ انہوں نے کہا کہ ’جب ہم فوجوں کی واپسی کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے مکمل واپسی‘۔ اطلاعات کے مطابق شام کے صدر بشرالاسد سنیچر کے روز لبنان سے کچھ فوجی دستوں کی واپسی اور کچھ کی لبنان میں از سر نو تعیناتی کا اعلان کرنے والے ہیں۔ لبنان کے سابق وزیر اعظم رفیق حریری کے قتل کے بعد سے شام پر پرلبنان سے فوجوں کی واپسی کے لیے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لبنان میں حزب اختلاف نے چودہ فروری کو ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری شام پر عائد کی ہے لیکن شام اس الزام کی سختی سے تردید کر چکا ہے۔ صدر بُش نے نیو یارک پوسٹ کو ایک انٹرویو میں کہا کہ شام کو مئی میں لبنان میں انتخابات سے قبل فوجیں واپس بلا لینی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میرے ذہن میں اس وقت سب سے زیادہ اہم موضوع شام کو لبنان سے نکالنا ہے اور میرا مطلب لبنان سے صرف شام کی فوجوں کی واپسی نہیں بلکہ ان سب کی واپسی ہے جن میں خاص طور پر شام کی خفیہ سروس کا لبنان سے نکلنا بھی شامل ہے‘۔ امریکہ کی طرف سے شام کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کے امکان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں صدر بُش نے کہا کہ ’میرا آخری حربہ فوج کا استعمال ہوگا‘۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||