 |  متاثرہ ممالک پر مجموعی طور پر 272 ارب ڈالر کا قرضہ ہے۔ |
صنعتی ممالک کے گروپ G7 نے اعلان کیا ہے کہ وہ سونامی سے متاثرہ ممالک کے قرضوں کی ادائیگی کو منجمد کر دیں گے۔ اس بات کا اعلان برطانیہ کے وزیر خزانہ گورڈن براؤن نے بارہ جنوری کوقرضہ دینے والے ممالک کے گروپ پیرس کلب کے اجلاس سے پہلے کیا ہے۔ اس اعلان کے مطابق سونامی سے متاثرہ ممالک کے قرضوں کی صرف ادائیگی منجمد کی جائے گی اور انہیں منسوخ نہیں کیا جائے گا۔ G7 ممالک ایشیائی ترقیاتی بینک سے یہ اپیل بھی کر رہے ہیں کہ وہ ان ممالک میں امدادی کاموں کو بڑھا دے۔ برطانوی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ متاثرہ ممالک اپنے بجٹ تعمیر نو پر خرچ کریں نہ کہ قرضوں کی ادائیگی پر۔ قرضوں کی ادائیگی کو تقریباً ایک سال تک کے لئے منجمد رکھا جائے گا جو ماہرین کے مطابق ان ممالک کے لئے بہتر ثابت ہوسکتا ہے۔ برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ ان ممالک کے قرضوں کو نہ صرف منجمد کرنا چاہتا ہے بلکہ وہ ان کی ادائیگی میں از سر نو تبدیلیاں بھی کرنا چاہتا ہے جس سے اشارے مل رہے ہیں کہ وہ سری لنکا جیسے ممالک کا قرضہ مکمل طور پر منسوخ کرنا چاہتا ہے۔ سونامی سے متاثرہ ممالک مجموعی طور پر 272 ارب ڈالر کے قرضوں تلے ہیں جن میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صرف ایک ملک انڈونیشیا پر 48 ارب ڈالر کا قرضہ ہے۔ سوئٹزرلینڈ اور کویت نے بھی قرضوں کی ادائیگی میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ |