لائن آف کنٹرول پر گرفتاریاں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس نے لائن آف کنٹرول کے قریب دو افراد کو گھومتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے جن کا کہنا ہے کہ وہ کنٹرول لائن پار کر کے بھارتی فوج کے خلاف لڑنے کے لیے جانا چاہتے تھے۔ پولیس کے مطابق ان دونوں افراد کو پاکستانی فوج نے جمعہ کی رات چکوٹھی سیکٹر سے ان شناخت دریافت کرنے کے لیے روکا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ دونوں نوجوان لائن آف کنٹرول کے قریب گھومنے کی کوئی معقول وجہ نہ بتا سکے جس کے بعد فوج نے انہیں حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ان دونوں نوجوانوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ لائن آف کنٹرول پار کر کے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں داخل ہونا چاہتے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ ان سے کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا اور نہ ہی ان کا بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سرگرم کسی شدت پسند گروہ سے تعلق ثابت ہو سکا ہے۔ ان دونوں کو آوارہ گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے کیوں کہ غیر قانونی طور پر لائن آف کنٹرول پار کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ ان دونوں کو ہفتے کے روز ایک مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ مجسٹریٹ نے ان کو پانچ اگست تک کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔ مجسٹریٹ کے سامنے بھی ان دونوں نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’ کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھارتی فوج کے خلاف لڑنے کے لیے بھارت جانا چاہتے تھے۔‘ ان دونوں کی عمریں بیس سے تیس سال کے درمیان ہیں اور ان کا تعلق صوبہ سرحد سے ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||