بیچ کھائی بندوق | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ساؤ پاؤلو میں مقیم برازیل کی ایک خاتون نے بھاری تعداد میں آتشیں اسلحہ حکام کے حوالے کیا ہے اور انہیں حکومت کی غیر مسلح کرنے کی سکیم کے تحت پینسٹھ ہزار ڈالر ملیں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس خاتون کی طرف سے انتظامیہ کے حوالے کیے جانے والے اسلحے کی تعداد تیرہ سو ہے جس میں بندوقیں اور مارٹر گولے بھی شامل ہیں۔ پولیس کے بقول اس خاتون کے مرحوم والد کو گنز جمع کرنے کا شوق تھا۔ یہ اسلحہ انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں خاتون کے گھر سے پولیس کے ٹرک پر لادا گیا۔ حکومت کی طرف سے گزشتہ ہفتے لوگوں کو غیر مسلح کرنے کی سکیم کے آغاز کے بعد پورے برازیل میں سات ہزار سے زائد اسلحہ حکام کے سپرد کیا جا چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق شرحِ قتل کے اعتبار سے برازیل دنیا میں چوتھے نمبر پر آتا ہے اور گزشتہ برس ہونے والے قتال کے چالیس ہزار واقعات میں گنز استعمال کی گئی تھیں۔ سرکاری سکیم کے مطابق پستول واپس کرنے والے کوتینتیس ڈالر اور رائفل جمع کرانے والے کو ایک سو ڈالر دیئے جائیں گے۔ برازیل میں کوئی بھی شخص قانونی چارہ جوئی کے خوف کے بغیر اس سال کے آخر تک حکام کو اسلحہ جمع کروا سکتا ہے۔ برازیل کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ جولائی سے دسمبر تک کے عرصے میں اس سکیم کے تحت تینتیس لاکھ ڈالر صرف کرے گی جس کا مقصد اسی ہزار کی تعداد میں اسلحہ ملک کے گلی کوچوں سے صاف کرنا ہے۔ تاہم گزشتہ ہفتے وصول ہونے والے اسلحے کے بعد پولیس ہدف سے زیادہ اسلحہ جمع کرنے کی توقع کر رہی ہے۔ حکومت کی طرف سے اسلحے کی حوالگی پر معافی کا اعلان، پرتشدد جرائم کو کم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں اٹھایا گیا نیا قدم ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ دسمبر میں ایک قانون پاس کیا گیا تھا جس کا اطلاق اس ماہ کے آغاز میں ہوا۔ اس قانون کے تحت سرِعام اسلحہ رکھنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اسلحہ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کے معاملے پر سن دو ہزار پانچ میں ریفرنڈم بھی کرایا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||