قرارداد منظور ہونے کی امید: جارج بش | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر جارج بش نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل عراق میں اقتدار اعلیٰ کی منتقلی پر پیش کی جانیوالی نئی قرارداد کو جلد ہی منظوری دے دی گی۔ صدر بش اٹلی کے دارالحکومت روم میں اطالوی وزیراعظم سِلویو برلوسکونی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ صدر بش نے کہا کہ امریکہ اور یورپ کی نئی نسل کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ صدر بش یورپ کے دورے پر فرانس جیسے ان یورپی ممالک کی حمایت حاصل کرنے کی امید کررہے ہیں جن سے تنازعۂ عراق پر امریکہ کے تعلقات مخدوش ہوگئے تھے۔ امریکی صدر چھ جون کو فرانس کے ساحلی شہر نارمنڈی میں ڈی ڈے کی تقریبات کے سلسلے میں فرانس جارہے ہیں۔ ساٹھ سال قبل اسی دن اتحادی افواج نے نارمنڈی میں قدم رکھا تھا جس کے بعد ہٹلر کے قبضے سے فرانس کو آزاد کیا جاسکا۔ روم میں انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ عراق میں وہاں کی ’خودمختار حکومت کی درخواست‘ پر ہی امریکی فوج عراق میں رہے گی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ فرانس کے دورے پر صدر ژاک شیراک کے ساتھ گفتگو کے دوران عراق میں اقتدار اعلی کی منتقلی پر پیدا ہونے والے اختلافات دور کرنے کی کوششیں کی جائیں گیں۔ جمعہ کو صدر بش نے عیسائیوں کے مذہبی رہنما پوپ سے ملاقات کی تھی جس میں پوپ نے ان پر عراق کے بارے میں کڑی تنقید کی۔ اٹلی میں صدر بش کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے۔ دریں اثناء عراق میں امریکی فوج نے کہا ہے کہ بغداد میں ایک بم دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||