کراچی میں ریڈ الرٹ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں سکورٹی حکام نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا ہے۔ شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیۓ گۓ ہیں۔ پولیس نے جگہ جگہ گاڑیوں کی تلاشی کے لۓ چوکیاں قائم کی ہیں اور کہا ہے کہ یہ انتظامات چند دن تک جاری رہیں گے۔ یہ انتظامات دو روز قبل امریکی سفارتخانے کے قریب ایک ناکام بم حملے اور گذشتہ روز سے وانا میں جاری فوجی آپریشن کے بعد عمل میں آۓ ہیں۔ واضح رہے کہ وانا آپریشن میں انتالیس افراد ہلاک ہوۓ ہیں۔ کراچی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز طارق جمیل سے جب پوچھا گیا کہ کیا پیر کو امریکی سفارتخانے کے قریب ایک ناکام بم حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جا سکا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں سے تحقیقات جاری ہیں لیکن ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ شہر میں اس ہنگامی صورتحال کے نفاذ کی کوئی باقاعدہ وجہ نہیں بتائی گئی ہے لیکن کراچی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز طارق جمیل نے بی بی سی کو بتایا کہ اس اقدام کی وجہ تخریب کار عناصر پر قابو پانا ہے اور ممکن ہے کہ وانا آپریشن کے بعد کسی جوابی کارروائی میں کراچی کو ہدف بنایا جاۓ۔ اسی لیۓ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نبٹنے کے لیۓ شہر میں پولیس کی بھاری نفری اور جگہ جگہ حفاظتی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||