’عراق میں پھنسی بھارتی نرسیں محفوظ ہیں‘

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
عراق کے شہر تکریت میں پھنسی ہوئی 40 سے زیادہ ہندوستانی نرسوں کو اب کسی دوسرے مقام پر لے جایا جارہا ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ انھیں کہاں منتقل کیا جارہا ہے اور کیوں۔
لیکن بھارت کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس کے افسران نرسوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ محفوظ ہیں۔
ان سبھی نرسوں کا تعلق جنوبی ریاست کیرالہ سے ہے اور وہ تکریت کے ایک ہسپتال میں ملازمت کے لیے عراق گئی تھیں کہ لڑائی میں پھنس گئیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ تکریت چونکہ اب عراق کی حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہے لہٰذا جہاں تک ان نرسوں کو واپس لانے کے معاملے پر اس کے سامنے راستے محدود ہیں۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ سفارت کار نرسوں سے رابطے میں ہیں اور وہ سب محفوظ ہیں لیکن انھوں نے اس بارے میں کوئی واضح جواب دینے سے انکار کر دیا کہ وہ کس گروپ کی تحویل میں ہیں اور انھیں کہاں لے جایا جارہا ہے۔
سید اکبر الدین نے کہا کہ ’میں آپ کو صرف اتنا بتا سکتا ہوں کہ وہ محفوظ ہیں اور وہ اپنی مرضی سے نہیں جارہی ہیں، جیسے ہی ہمیں تصدیق شدہ اطلاع ملے گی، ہم آپ کو بتائیں گے لیکن ہم اس معاملے پر بال بائی بال کمینٹری نہیں کرسکتے۔‘
مسٹر اکبرالدین نے کہا کہ جمعرات کی شام ہی وزارت خارجہ کے اہلکاروں کی نرسوں سے بات ہوئی ہے اور یہ خبر غلط ہے کہ ہسپتال کے جس حصے میں وہ ٹھہری ہوئی تھیں، وہاں بم دھماکہ ہوا ہے۔
کچھ ٹی وی چینلوں کا دعویٰ ہے کہ ان نرسوں کو موصل لے جایا جا رہا ہے۔ اس بارے میں جب ایک صحافی نے مسٹر اکبر الدین سے وضاحت مانگی تو انھوں نے جواب دیا کہ یہ (عامر خان کی فلم) ’پیپلی لائیو‘ نہیں ہے اور حکومت نرسوں سے میڈیا کے ذریعے بات نہیں کرے گی، یہ مشکل وقت ہے اور حکومت کی ترجیج یہ ہے کہ نرسوں کو بحفاظت واپس لایا جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ عراق میں موجود تقریباً 15 سو ہندوستانیوں نے وطن واپس لوٹنے کے لیے سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے اور ان میں سے نو سو کے لیے فضائی ٹکٹوں کا انتظام کیا جا چکا ہے۔
کیرالہ کے وزیر اعلیٰ اومن چنڈی نے بھی جمعرات کو وزیر خارجہ سشما سواراج سے ملاقات کی اور بعد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لڑائی کی وجہ سے عراق میں صورتحال بہت خراب ہے اور اس مسئلے کو جلدی حل نہیں کیا جا سکتا۔







