BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 02 March, 2008, 11:16 GMT 16:16 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
جی نہیں پہلے آپ۔۔۔۔

نواز شریف، زرداری اور اسفندیار
حکومت سازی کے عمل میں شریک سیاستدانوں کو مصالحت و سچائی کے مجوزہ کمشن کے سامنے پیش ہو کر اپنے دل میں چھپے ہوئے جھوٹ، کینے اور خوش نیتی کا اعتراف کرنا چاہیے
پاکستان کی سیاسی تاریخ میں شاید یہ پہلا موقع ہے کہ حکمرانی کے خواہش مند سیاستدانوں کو اقتدار ایک حسینہ کے بجائے گرم آلو کی طرح محسوس ہورہا ہے۔ چنانچہ ہر کوئی ’پہلے آپ پہلے آپ‘ کہتے ہوئے یہ آلو ایک دوسرے کی طرف اچھال رہا ہے۔

اقتدار سے اس بظاہر بے رغبتی کی پانچ وجوہات ہیں:-

اول یہ کہ جن خودکش بم پھوڑوں کو توپ و تفنگ نہ ڈرا سکے وہ بیلٹ کی طاقت سے کیسے ڈریں گے۔ انہیں لگام دینے کے لیے اسلام آباد میں حکومت کی تبدیلی سے زیادہ کابل اور واشنگٹن کے رویے میں تبدیلی درکار ہے۔ لیکن یہ بات کھل کے کہنا امریکی سفارتخانے کے چکر لگانے والے کسی بھی جنرل یا سیاستداں کے بس سے باہر ہے۔ چنانچہ جو بھی اسلام آباد میں کانٹوں کا نیا تاج پہنےگا اسکی آدھی توانائی امن و امان کے طعنے سن سن کر خرچ ہوجائے گی۔

دوم یہ کہ اسٹیبلشمنٹ کا سانپ زخمی تو ہوچکا ہے لیکن سب کو معلوم ہے کہ زخمی سانپ کتنا خطرناک ہوتا ہے۔ چنانچہ کھڑی چارپائی کے پیچھے سے پُتلی تماشے کی ڈوریاں پہلے سے زیادہ تیزی سے ہل رہی ہیں۔ جیتی ہوئی جماعتوں میں سادہ کمانڈوز داخل کرنے کا آغاز ہوچکا ہے۔ جن کا مشن ہی یہ ہے کہ بیلٹ بکس سے ملنے والے مینڈیٹ کو پہلے غبارے کی طرح اور بڑا کردیا جائے اور پھر غبارہ پھوڑ دیا جائے۔ اسٹیبلشمنٹ کو پورا پورا یقین ہے کہ اٹھارہ فروری کو وہ جنگ نہیں ہاری محض ایک لڑائی میں پسپا ہوئی ہے۔

سوم یہ کہ آٹھ برس تک مالیاتی مداریوں نے رنگین چارٹوں اور ڈرائنگز کی مدد سے معیشت کو خوشنما دکھا دکھا کر مجمع سے تالیاں تو پٹوا لیں۔ بالآخر مجمع کو پتہ چل ہی گیا کہ کہ ان چارٹوں کے پیچھے مکڑی کا جالا تنا ہوا ہے۔ چنانچہ جو بھی نئی حکومت بنائے گا اسکی باقی ماندہ توانائی یہ جالا اتارنے میں صرف ہوجائے گی۔

پاکستانی ٹی وی چینل
الیکٹرونک میڈیا میں اسٹیبلشمنٹ اور سیاستدانوں کے انفرادی و اجتماعی خدمت گزار پٹی جرنلسٹوں کی کمی نہیں ہے
نئی حکومت کے گرم آلو محسوس ہونے کا چوتھا سبب پٹی جرنلزم ہے۔ الیکٹرونک میڈیا میں اسٹیبلشمنٹ اور سیاستدانوں کے انفرادی و اجتماعی خدمت گزار پٹی جرنلسٹوں کی کمی نہیں ہے جن کا کام ہی یہ رہ گیا ہے کہ اپنے اپنے ٹی وی چینلز پر اپنے اپنے کلائنٹس کے لئے بلا تصدیق خبری پٹیاں چلوا کر ماحول کو مزید کنفیوز کریں۔ اگر کوئی ایک آدھ آدمی ملک کو دوبارہ پٹڑی پر چڑھانا بھی چاہے تو پرواز سے پہلے ہی اسکا مورال ختم ہوجائے اور کچھ عرصے بعد ہر ٹی وی ناظر یہ کہنے پر مجبور ہوجائے کہ ہم تو پہلے ہی کہتے تھے۔۔۔۔یہ سیاستداں کسی کام کے نہیں ۔۔۔۔۔۔۔

اور اقتدار کو گرم آلو سمجھنے والے سیاستدانوں کی ہچکچاہٹ کا پانچواں سبب خود یہ سیاستداں ہیں۔ جن کے بارے میں اب تک سو فیصد یقین نہیں ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کتنی دور چل سکیں گے۔ ہوسکتا ہے کہ کسی کی نظر ابھی سے اگلے انتخابات پر ہو۔ ہو سکتا ہے کہ کوئی اس انتظار میں ہو کہ صورتحال ذرا سی واضح اور بہتر ہوجائے تو وہ پوری پرات اپنی طرف کھینچ لے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ ان میں سے کوئی یہ سوچ رہا ہو کہ وہ دوسرے کی کامیابی کے گھوڑے پر خود سواری گانٹھ لے۔

اس کا ایک حل یہ بھی ہے کہ آصف زرداری جنوبی افریقہ کی طرز پر مصالحت و سچائی کے فروغ کا جو کمشن بنانا چاہتے ہیں اسکے سامنے سب سے پہلے حکومت سازی کے عمل میں شریک سیاستداں اپنے دل میں چھپے ہوئے جھوٹ، کینے اور خوش نیتی کا اعتراف کریں تاکہ وہ بیلٹ کی طاقت کے ساتھ ساتھ اخلاقی جرات کی طاقت سے بھی مسلح ہوجائیں اور بم پھوڑوں، معیشت کو دیمک لگانے والوں، دیواروں کے پیچھے سازش کرنے والوں اور پٹی جرنلسٹوں کے ایجنڈے کی بخوبی مزاحمت کرنے کے قابل ہوسکیں۔

ورنہ تو سب جانتے ہیں کہ صرف بیلٹ سے حاصل ہونے والی طاقت کا انیس سو ستر سے اب تک کیا حشر ہوتا آیا ہے۔

ایک دلچسپ ملک
’سیدھے سادے فوجی‘ ہمیشہ بچ جاتے ہیں
کیوں نہیں سیکھتے
’تمام آمرایک لگےبندھے راستے پرچلتےہیں‘
اپنا ہتھوڑا اپنا سر
کیا ووٹر جانتے ہیں کہ صحیح کیا ہے
ہم جیت نہیں سکتے!
یور ایکسیلنسی کچھ عرض کروں: وسعت اللہ
مشرفمشرف مشینری لیور
زرداری،مشرف مشینری اور مفاہمت
منشورمنشوروں کی بہار
عوام کی دلچسپی کم، پھر بھی چلی ہے رسمِ منشور
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد