بالی ووڈ: کیا غلط کیا صحیح | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات مدھر کیا ہوئے کہ ہر شعبے میں تعاون اور اشتراک کا سلسلہ شروع ہو گیا اور ایسے میں بھلا فلم انڈسٹری پیچھے کیوں رہتی۔ پاکستان کی فلم اسٹار میرا نے بھی جھٹ ایک بھارتی فلم سائن کر لی۔ لیکن میرا نے فلم سائن کی تووہ بھی بھٹ کیمپ کے ساتھ جو پہلے ہی نیلی پیلی میرا مطلب ہے کہ بولڈ فلمیں بنانے کے لیے مشہور ہیں اور پھر بڑی بےباکی سے اور ہمت کے ساتھ بھٹ صاحب کی ہدایات پر عمل بھی کیا ۔ یعنی فلم کے ہیرو اشمت پٹیل کے ساتھ بھٹ فلموں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے بوس وکنار کی سین ہمت کے ساتھ فلمائے جس پر پاکستان میں سخت نوٹس لیا گیا اور اب حکومتِ پاکستان نے وزارتِ ثقافت سے کہا ہے کہ اس سلسلے میں سخت کاروائی کی جائے۔ خبریں یہ بھی ہیں کہ میرا نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے سخت کاروائی اور جرمانے کے خوف سے مہیش بھٹ سےفلم کے وہ منظر دوبارہ شوٹ کرنے کی درخواست کی لیکن مہیش بھٹ بھی کچی گولیاں نہیں کھیلے وہ بھلا ایسے گرما گرم مناظر اور پھر اس سے جڑے تنازعے کو ہاتھ سے کیسے جانے دیں جو ان کی فلم کی کامیابی کی ضمانت بن سکتا ہے۔ میرا جی ’اب پچھتاوے کیا ہوگا جب چڑیاں چک گئیں کھیت‘، تیر کمان سے نکل چکا ہے یہ سب آپکو اس طرح کی فلم کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا ۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں جب کسی پاکستانی ہیروئین نے بھارتی فلموں میں کام کیا ہو خبر ہے کہ اپنے سلو بھائی یعنی سلمان خان برسوں پہلے راج شری پروڈکشن میں بھاگیہ شری کو’میں نے پیار کیا ‘ کہنے کے بعد اب کہیں گے ’میں نے پیار کیوں کیا‘۔ جی نہیں یہ کوئی ایشوریہ کے سلسلے کی کڑی نہیں بلکہ ڈیوڈ دھون کے ساتھ ان کی نئی فلم کا نام ہے ۔ اس فلم میں ان کے ساتھ سشمتا سین کے ساتھ سلو بھائی کی اصلی ہیروئن قطرینہ کیف ہونگی۔
فلم ’میں نے پیار کیا‘ نے تو راتوں رات سلمان کو سپر اسٹار بنا دیا تھا اب دیکھتے ہیں ڈیوڈ دھون اس فلم سے کیا حاصل کر پائیں گے۔ رہی بات سلمان خان کی تو ویسے بھی اصل زندگی میں وہ دل ہی دل میں یہی کہتےرہتے ہونگے۔ یوں بھی اس وقت ان کی پانچوں انگلیاں گھی میں ہیں اور سر کڑھائی میں کیونکہ پچھلے کچھ عرصے سے ان کی فلمیں باکس آفس پر جم کر کمال دکھا رہی ہیں اور اب ان کی نئی فلم ’لکی‘ پر سب کی نظریں ہیں جس کی اہم بات یہ ہے کہ فلم کی ہیروئین کی صورت ایشوریہ رائے سے ملتی ہے۔ اب سلو بھائی سے کوئی پوچھے کہ بھائی کیوں اپنے زخم ہرے کر رہے ہو۔ خبر ہے کہ ڈائریکٹر ونود پانڈے کی فلم Sins پر ممبئی ہائی کورٹ نے پابندی لگانے سے انکار کر دیا اور سینسر بورڈ نے بھی فلم سے کچھ سین نکال کر فلم ریلیز کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ بحر حال فلم اس جمعہ کو ریلیز ہوگئی ہے۔ قصہ یہ ہے کہ فلم کی کہانی ایک کیتھو لک پادری اور ان سے آدھی عمر کی لڑکی کہ درمیان تعلقات کی کہانی ہے
اور ویسے بھی مسٹر پانڈے جنہوں نے ’ایک بار پھر ‘ یہ نزدیکیاں‘اور ’ایک نیا رشتہ‘ جیسی فلمیں بنائی ہیں محبت اور تعلقات کے تاریک پہلوؤں پر روشنی ڈالنے میں ماہر ہیں اور یہ فلم بھی ایسی ہی ایک کوشش ہے۔ تو مطلب یہ کہ ڈائریکٹر کا کیمرہ بیڈروم کے دروازے پرآ کر بند نہیں ہوتا بلکہ بڑی بیباکی سے بیڈ روم کے مناظر کو پردے پر دکھاتا ہے یعنی فلم میں خاصا مصالحہ اور اسٹیمی منظر ہیں ۔ بحر حال کیتھولک فرقہ اس فلم سے کافی ناراض ہے اور سنیما گھروں کے باہر مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے۔ فلم میں پادری کا رول شنے آہوجا اور لڑکی کا کردار سیما رحمانی ادا کر رہی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||