BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 02 February, 2005, 05:26 GMT 10:26 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بلوچستان، تیل کی قیمت خبروں میں

بلوچستان کی صوبائی اسمبلی
بلوچستا کی صورتحال کو اخبارات میں اہمیت دی گئی
صدر جنرل پرویز مشرف اور بلوچستان ہی بدھ کے اخباروں کی بڑی خبروں کا موضوع ہیں لیکن پٹرول اور کاروں کی قیمتوں میں اضافہ کو بھی اخبارات نے خاصا نمایاں طور پر شائع کیا ہے۔

نوائے وقت کہتا ہے کہ پٹرول دو روپے، مٹی کا تیل ایک روپیہ، ڈیزل پچانوے پیسے لٹر مہنگا ہوگیا اور فرنس آئل کی قیمت تیرہ سو ستر روپے فی ٹن بڑھا دی گئی۔ یہ اضافہ پٹرول ایڈوائزری کمیٹی نے کیا ہے۔

ڈان اور پاکستان اخبار نے کاروں کی قیمتوں میں اضافہ کی خبر بھی دی ہے جو کہ پہلے ہی کھلی مارکٹ میں مقررہ قیمت سے کہیں زیادہ قیمتوں پر فروخت ہورہی ہیں۔

ڈان کے مطابق سوزوکی بنانے والی کمپنی نے کاروں کی قیمتوں میں پانچ سے بیس ہزار روپے اضافہ کردیا ہے جبکہ ہنڈا بنانے والی کمپنی نے تقریباً چالیس ہزار روپے فی کار کا اضافہ کیا ہے۔

اخبارات نے پیپلز پارٹی کی چئرپرسن بے نظیر بھٹو کے دبئی میں ایک نجی ٹیلی وژن چینل کو دیئے گئے انٹرویو کو بھی صفحہ اول پر چھاپا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے دور حکومت میں کراچی کے حالات کی وجہ سے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کو گرفتار کرنا چاہتی تھیں لیکن فوج نے ایسا کرنے سے روک دیا۔

بے نظیر نے یہ بھی کیا ہے کہ وہ پارٹی سے غداری کرنے والوں کو دس سال تک پارٹی میں دوبارہ نہیں لیں گی۔ انہوں نے سابق صدر مملکت فاروق لغاری پر بھی تنقید کی ہے جنہوں نے ان کی دوسری حکومت کو برخاست کیا تھا۔

روزنامہ پاکستان نے عام خبروں سے ہٹ کر خبر رساں ایجنسی این این آئی کے حوالہ سے یہ خبر بھی دی ہے کہ بھارت راوی پر گورداسپور میں نیا ڈیم تعمیر کرے گا جس کی تعمیر اسی ماہ شروع ہوجائے گی اور انیس ارب روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہوجائے گی۔

اخبا رکا کہنا ہے کہ اس ڈیم کے بننے کے بعد پاکستان کو دریائے راوی سے ایک قطرہ پانی نہیں ملے گا۔

آج اخبارات میں لاہور ہائی کورٹ کے حوالہ سے دو دلچسپ خبریں شائع ہوئی ہیں۔ ایک خبر صدر مشرف اور دوسرے جرنیلوں کو الاٹ کی گئی زرعی اراضی کے خلاف کی گئی رٹ درخواست سے متعلق ہے جس کے جواب میں جی ایچ کیو نے ہائی کورٹ سے کہا ہے کہ عدالت عالیہ افواج پاکستان کے معاملات میں مداخلت کی مجاز نہیں۔

دوسری خبر میں لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ بنک اورمالیاتی ادارے مقروض کے ورثا سے رقم وصول نہیں کرسکتے۔ عدالت عالیہ کے جج میاں حامد فاروق نے اپنی رولنگ میں کہا ہے کہ وارث اپنے متوفی والد کے قرضہ کی ادائیگی کا ذاتی طور پر ذمہ دار نہیں۔

نوائے وقت نے صدر جارج بش کے ایک امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹریو کو خاصا نمایاں طور پر شائع کیا ہے جس میں اخبار کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعلیمی پالیسی امریکہ نے تبدیل کرائی اور صدر مشرف کو تعلیمی نصاب بدلنے کے لیے کہا جس پر ان کا اس وقت وزیرتعلیم زبیدہ جلال سے تعارف کرایا گیا اور دونوں ملکوں کے تعلیمی حکام نے کئی اقدامات کیے۔

تاہم آج کے اخباروں کی شہ سرخی تو صدر مشرف کا حیدرآباد میں فوجی افسروں سے خطاب اور ضلع داد کے علاقہ بیٹو جتوئی میں خطاب ہے جس میں اخبارت کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ غربت اور پانی کے معاملہ پر اپنی جان لڑا دیں گے اور یہ کہ سندھ میں پانی کی کمی پوری کرنے کے لیے آبی ذخائر بنانا پڑیں گے۔

دوسری بڑی خبر بیشتر اخباروں کی یہ ہے کہ سبی گرڈ میں دھماکہ سے بلوچستان میں بجلی چلی گئی اور کوئٹہ ، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں بم دھماکوں سے ایک شخص ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے جبکہ سریاب میں جعفر ایکسپریس کو بم سے اڑانے کی کوشش کی گئی۔

بلوچ رہنا اکبر بگتی کا یہ بیان بھی اخبراوں میں شائع ہوا ہے کہ چیک پوسٹیں ختم کرنے کا چودھری شجاعت حسین کا دعوی درست نہیں اور این این آئی نے بلوچ رہنما عطااللہ مینگل کا بیان شائع کیا ہے کہ غیرملکی مدد خوش قسمتی ہوگی اور” کاش ایران اور بھارت ہماری مدد کرتے۔”

آج اخباروں نے انسانی حقوق کمیشن برائے پاکستان کی سالانہ رپورٹ کے اجراء کی خبر بھی شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سنہ دو ہزار چار میں غیرت کے نام پر ایک ہزار عورتوں کو قتل کیا گیا اور ملک بھر میں ایک کروڑ بچوں سے جبری مشقت لی جارہی ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کی وجہ آمرانہ نظام ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد