کشمیر میں انتخابی مہم کہاں؟ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اگر پوری دنیا کی نظریں امریکی انتخابات پر تھیں تو چند نظریں ضرور کشمیر چُناؤ پر لگی ہیں اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے ایک چھوٹے سے حصے میں ہونے والے موجودہ انتخابات دلچسپ ترین بنتے جا رہے ہیں۔ بھارت کے زیرانتظام ریاست جموں و کشمیر کے اس خوبصورت علاقے میں سن سنتالیس کی آزادی کے بعد کم ہی امن قائم رہا اور جو بھی انتخابات ہوئے عوام کی گرمجوشی کم ہی دیکھنے میں آئی۔ تاہم ہر پارٹی انتخابی مہم جوش وخروش سے چلانے میں ہمیشہ کوشاں رہتی تھی۔ گزشتہ انتخابی مہم میں پارٹیوں کے ہزاروں کارکن ہی سہی انتخابی مہم میں شریک ہوتے رہے اور تقریباً ہر علاقے میں جلسے جلوسوں سے انتخابی ماحول دیکھنے میں آتا تھا۔ اس بار منظر کچھ اور ہے۔ لگتا ہے کہ جیسے انتخابی مہم کشمیر میں نہیں لندن یا واشنگٹن میں ہو رہی ہے جہاں انتخابی امیدوار گھرگھر جاکر ووٹروں سے اپنا قیمتی ووٹ ڈالنے پر درخواست کرتا ہے۔ مہذب اور ترقی یافتہ دنیا میں جلسے جلوس کرنے یا انتخابی ریلیاں کرنے کے لیے اتنا وقت نہیں ہوتا۔ مگر کشمیر میں ایسا ایک مجبوری کے تحت ہورہا ہے۔ ریاست کے پہلے انتخابی مرحلے کے لیے بعض امیدوار گھرگھر جاکر ووٹروں سے استداء کر رہے ہیں مگر امیدواروں کو رات کے اندھیرے میں چوری چُھپے جاکر لوگوں کے گھر جاکر ووٹ ڈالنے پر مائل کرنا پڑ رہا ہے۔ کشمیر میں لوگوں سے بات کرکے پتا چلا کہ سڑکیں سُنسان،گلی کوچے خاموش، کوئی انتخابی بنیر نہیں، اور جو کوئی بینر لگتا ہے اسے راتوں رات غائب کر دیا جاتا ہے۔ جو جلسے کا اہتمام کرتا ہے اسے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے اور امیدوار گھر گھر جاکر ووٹروں کو ووٹ دینے کی درخواست کرنا چاہتا ہے تو ووٹر اپنا دروازہ کھولنے کی جرات نہیں کرتا۔ بانڈی پورہ کے ایک دور دراز پہاّڑی علاقے میں گزشتہ انتخابات میں امیدوار اس لیے انتخابی مہم نہیں چلاسکے تھے کیونکہ وہاں شدت پسندوں کی موجودگی کے باعث سیکورٹی رِسک تھا، تاہم اس بار انتخابی مہم اس لیے نہیں چل سکی کہ عام لوگوں سے سیکیورٹی رِسک پیدا ہوا ہے۔ بھارتی حکومت کہتی ہے کہ چند حُریت پسند عناصر انتخابات میں رخنہ ڈالنے کے لیے انتخابی مہم چلنے نہیں دے رہے مگر کیا یہ ممکن ہے کہ عوام کا اتنا بڑا طبقہ چند فیصد لوگوں کے کہنے پر انتخابات سے عدم دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں؟ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||