کرناٹک:ریاستی حکومت اقلیت میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں اتحادی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کے حمایت واپس لینے کے فیصلے کے بعد جنتادل سیکولر کی مخلوط حکومت اقلیت میں آگئی ہے۔ بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد پارٹی کے سنئیر لیڈر یشونت سنہا نے سنیچر کو دلی میں ایک پریس بریفنگ میں نامہ نگاروں کو بتایا ’پارلیمانی بورڈ نے کرناٹک میں حکمراں اتحاد جنتادل سیکولر کی حمایت واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور آج ہی پارٹی کے رہنما اس فیصلے کی اطلاع باضابطہ طور پر ریاستی گورنر کو دے دیں گے‘۔ یشونت سنہا نے پریس بریفنگ میں ریاست کے وزیرِاعلٰی ایچ ڈی کمارا سوامی کے والد اور سابق وزیرِاعظم ایچ ڈی ڈیوگوڑا پر الزام لگایا ہےکہ انہوں نے اقتدار کی منتقلی سے متعلق نہ صرف سمجھوتے کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ انہوں نے دھوکہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان سمجھوتے کے مطابق جنتادل سیکولر کو تین اکتوبر کو حکومت کی سربراہی اتحادی بی جے پی کو منتقل کرنی تھی لیکن عین وقت پر وزير اعلی ایچ ڈی کمارا سوامی نے اس سے انکار کردیا ہے۔ ریاست میں سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے اورسیاسی پارٹیوں کی نظرگورنر اور کانگریس پر آ کے رک گئی ہے۔ موجودہ سیاسی حالات کا جائزہ لینے کے لیے کانگریس پارٹی بنگلور میں پارٹی ارکان اسمبلی کا اجلاس کر رہی ہے اور اطلاعات کے مطابق کانگریس جنتادل کی حکومت کو ممکنہ حمایت دینے پرغور کر سکتی ہے۔ ریاست کی مخلوط حکومت گزشتہ ایک ہفتے سے بحران کا شکار تھی اور منگل کو سیاسی حالات مزید سنگین ہوگئے تھے جب نائب وزيراعلٰی اور بی جے پی کے رہنما بی ایس یدیوروپا نے سبھی سترہ وزراء کا استعفے وزیراعلٰی کو سونپ دیے تھے۔ لیکن ان استعفوں کے بعد ریاست کے وزیراعلٰی ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا ہے کہ وہ مستعفی نہيں ہوں گے اور ان کی جماعت کسی بھی ممکنہ حالات سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ نئے انتخاب کے لیے تیار ہے۔ وزيراعلی کے اس اعلان کے بعد ہی واضح ہوگیا تھاکہ کہ اب بی جے پی مخلوط حکومت سے اپنی حمایت واپس لے گی۔ تقریبا دو برس قبل ریاستی اسمبلی انتخابات میں کسی جماعت کو واضح اکثریت نہ ملنے کے بعد جنتادل سیکولر اور بی جے پی کے درمیان باری باری سے مخلوط حکومت سازي کا معاہدہ ہوا تھا۔جس کے مطابق وزير اعلی ایچ ڈي کمارا سوامی کو تین اکتوبر دو ہزار سات کو مستعفی ہونے کے ساتھ ہی اقتدار بی جے پی کے حوالے کرنا تھا لیکن اب کمارا سوامی ایسا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ جنتادل اور بی جے پی دونوں پارٹیوں نے کہا ہےکہ وہ نئے انتخاب کے لیے تیار ہیں لیکن وزیراعلی کماراسوامی اب بھی حکومت کو بچانے کے لیے کوشش کر رہے ہيں۔ | اسی بارے میں کرناٹک: دھرم سنگھ حکومت کا خاتمہ28 January, 2006 | انڈیا کانگریس کو چیلنج کا سامنا21 January, 2006 | انڈیا کرناٹک حکومت خطرے میں 19 January, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||