 | | | 1857 کی جنگ میں انڈین سپاہیوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا |
اٹھارہ سو ستاون کی جنگ آزادی کے ڈیرھ سو برس پورے ہونے پر لال قلعہ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں جانباز سپاہیوں کی قربانی کو یاد کیا گیا۔ آج ہی کے روز میرٹھ سے سپاہیوں کے جتھے لال قلعہ پہنچے تھے اور بہادر شاہ ظفر سے ملاقات کی تھی۔ اسی انداز میں میرٹھ سے آیا تیس ہزار افراد پر مشتمل قافلہ جمعہ کے روز لال قلعہ میں داخل ہوا۔ یہ قافلہ میرٹھ سے سات تاریخ کو روانہ ہوا تھا اور اسی راستے سے پیدل دلی پہنچا ہے جس راستے سے غدر کے سپاہی ڈیڑھ سو برس پہلے پہنچے تھے۔ اس میں ملک کے کونے کونے سے آئے لوگوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر لال قلعہ میں مختلف ثقافتی وتہذیبی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ اس تقریب میں صدر اے پی جے عبدالکلام، وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی سمیت ملک کے تقریبا سبھی رہنماؤں نے شرکت کی۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ ’اٹھارہ سو ستاون کی پہلی جنگ آزادی ہماری قومی یکجہتی کی ایک انوکھی مثال اور مشترکہ تہذیب و ثقافت کی جیتی جاگتی علامت ہے۔ آزادی کے لیے مذہبی اور لسانی فاصلے ختم ہوگئے تھے اور اپنی قسمت سنوارنے کے لیے لوگ متحد تھے۔‘ انہوں نے کہا کہ آج بھی مذہب اور زبان کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی۔ اٹھارہ سو ستاون کی پہلی جنگ آزادی کو یاد کرنے کے لیے میرٹھ سے ایک بڑا قافلہ پچھلے ہفتے چلا تھا۔ حکومت نے اس کی یاد میں مختلف تقریبات کا اعلان کیا ہے جو پورے سال چلتی رہیں گی۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز پارلیمنٹ میں بھی ایک شاندار پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ |