BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 05 July, 2006, 16:49 GMT 21:49 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
درۂ ناتھولا:’رشتے بحال ہو رہے ہیں‘

درۂ ناتھولا
یہ راستہ چین بھارت جنگ کے بعد بند کر دیا گیا تھا
چین اور ہندوستان کے درمیان صدیوں پرانا زمینی راستہ ’درّہ ناتھولہ‘ ایک بار پھر کھولا جا رہا ہے۔

تقریباً چودہ ہزار فٹ اونچے اس راستے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ ملےگا۔

ماہرین کے مطابق یہ قدم دونوں ملکوں کے سرحدی تنازعے کے حل میں بھی معاون ہوسکتا ہے۔ سنہ انیس سو باسٹھ کی بھارت چین جنگ کے بعد درہ ناتھولہ کو بند کر دیا گیا تھا اور اب چوالیس برس بعد اس کے دوبار کھلنے سے سرحد پر بسے دونوں جانب کے لوگوں میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں چینی امور کی ماہر ڈاکٹرالکا اچاریہ کا کہنا ہے کہ اس زمینی راستے کے کھلنے سے مقامی لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ’بہت دنوں سے اس راستے کے کھولنے کا مطالبہ ہورہا تھا۔ اس سے سرحد پر تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی، مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچے گا اور یہ قدم دونوں ممالک کے رشتوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا‘۔

راستے میں متعدد نئے پل تعمیر کیئے گئے ہیں

درّہ ناتھولہ بھارت کی ریاست سکم سے شروع ہوکر چودہ ہزارفٹ سے زیادہ اونچی ہمالیائی پہاڑیوں کے درمیان سےگزرتا ہوا تبّت سے جا ملتا ہے۔ سکم حکومت کے ایک جائزے کے مطابق اس راستے سے سالانہ تین ارب روپے کی تجارت ممکن ہے اور اس میں ہر برس دگنے سے بھی زیادہ اضافے کی گنجائش ہے۔

ہندوستان میں ایوان صنعت و تجارت کے جنرل سیکریٹری نجیب عارف کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان پہلے ہی سے تجارت کافی بڑھ چکی ہے اور یہ اس کا بہت چھوٹا حصہ ہے۔’ہم اسے بھارت اور چین سے زیادہ سکّم اور تبّت کے درمیان کی تجارت سمجھتے ہیں‘۔

اس زمینی راستے سے بھارت کی طرف سے زیادہ ترخام مال جانے کی امید ہے جبکہ چین سے تیار شدہ اشیاء کے علاوہ ریشم کی تجارت کے بھی امکان ہیں۔ پروفیسر اچاریہ کے مطابق ابتداء میں تجارت کے لیئے’چوبیس چیزوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور بعد میں اس میں اضافہ کیا جائےگا‘۔

صرف ڈاکیئے ہی سرحد کے آر پار جاتے رہے ہیں

کولکتہ میں یونیورسٹی پروفیسر جینت انوج بنگوپادھیائے کا کہنا ہے کہ درہ ناتھولہ کھلنے کی اہمیت تجارتی روابط سے زیادہ سفارتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’سکّم سے تجارتی روابط شروع کرنے کا مطلب یہ ہے کہ چین نے سکم کو باضابطہ طور پر بھارت کا حصہ تسلیم کر لیا ہے جبکہ ماضی میں وہ اس سے انکار کرتا رہا ہے اب اس سے دونوں کے درمیان سرحدی تنازعات کو سلجھانے میں بھی مدد مل سکتی ہے‘۔

سکم اور تبت کے درمیان زیر تعمیر سڑک کا دورہ کرنے والے بی بی سی کے نامہ نگار جیمز رابنسن کے مطابق سرحد خاردار تاروں سے گھری ہے اور لڑائی کے بعد سے دونوں ملکوں کے ڈاکیوں کے علاوہ کسی نے بھی اس راستے سے سرحد پار نہیں کی ہے اور اس علاقے میں سخت فوجی پہرا ہے۔

چین کے ڈاکیہ ای لنگ نے جیمز کو بتایا کہ وہ گزشتہ سترہ برسوں سےگھوڑے پر سوار ہو کر سرحد پار کرتے آئےہیں۔ تاہم کئی بار برف جمنے پر پیدل آنا پڑتا ہے اور ہر بار سخت سکیورٹی کے درمیان خط و کتابت کاتبادلہ ہوتا ہے۔ یہی حال بھارت کے ڈاکیئے کا ہے۔ دونوں ہفتے می‍ں صرف ایک بار سرحد پار کرتے ہیں لیکن اب اس زمینی راستے کے کھلنے سے ان ڈاکیوں کے ساتھ ساتھ بہت سے لوگوں کی زندگی آسان ہونے کی امید ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد