 | | | متنازع کارٹونوں کی اشاعت پر دنیا بھر میں احتجاج کیا گیا ہے۔ |
بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر حاجی یعقوب علی نےڈنمارک کے متنازع کارٹونسٹ کے قتل پر 51 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ میرٹھ کے فیضِ اعظم کالج میں ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ڈنمارک کے متنازع کارٹونسٹ واجب القتل ہیں۔ ریاست اتر پردیش میں اقلیتوں کی بہبود کے وزیر حاجی یعقوب علی نے کہا ہے کہ متنازع کارٹونسٹ کے سر کے قیمت کے طور پر دی جانے والے رقم چندے کے ذریعے اکٹھی کی جائے گی اور خود چندے کی مہم شروع کریں گے۔ بی بی سی ہندی سروس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام کے کاٹونوں کی اشاعت پر احتجاج کرنے والے میرٹھ کے عوام نے خود یہ رقم اکٹھا کرنے کی پیش کش کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی میں موجود خواتین نے اپنے زیورات بیچ کر انعام کی رقم اکٹھی کرنے کی پیش کش کی ہے۔ حاجی یعقوب علی نے مسلمانوں پر زور دیا کہ احتجاج میں شامل ہو کر اسلام سے اپنی وابستگی کا ثبوت دیں۔ احتجاجی ریلی کے موقع پر میرٹھ میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہوئی۔ اس موقع پر مقررین نے ڈنمارک کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ معافی مانگے۔ مقررین نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈنمارک سے سفارتی تعلقات منقطع کر لے۔ |