BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 11 December, 2005, 13:53 GMT 18:53 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
اڈوانی کی مشکلات،امیتابھ کا اوپرا

لال کرشن اڈوانی
لبراہن کمیشن رپورٹ سے لال کرشن اڈوانی کے سیاسی کیرئر پر اثر پڑ سکتا ہے
نٹور کے بعد بی جے پی کی باری

ہندوستان کے وزیرِخارجہ نٹور سنگھ کو وولکر کمیٹی کی رپورٹ کے پیش نظر اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا ۔ اس مہینے کے اواخر میں اپنے دعوے کے مطابق لال کرشن اڈوانی بھی پارٹی کے صدر کے عہدے سے استعفی دینے والے ہیں۔ اس سے دلچسپ خبر یہ ہے کہ ایودھیا کی بابری مسجد کے انہدام کی تحقیقات کرنے والے لبراہن کمیشن نے تیرہ برس کی سخت مشقت کے بعد اپنی رپورٹ مکمل کر لی ہے ۔ اطلاعات یہ ہیں کہ کمیشن نے چھٹی بار توسیع کے لیے درخواست دی ہے جو شاید منظور بھی ہو جائے لیکن کمیشن اپنی عارضی رپورٹ اب کبھی بھی پیش کر سکتاہے۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ رپورٹ اڈوانی سمیت بی جے پی اور وشو ہندو پریشد کے کئی رہنماؤں کے لیے سخت مشکل پیدا کر سکتی ہے۔

لالو کا احساسِ عدم تحفظ

بہار میں اقتدار سے محروم ہونے کے بعد لالو پرساد یادو نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی جان و مال کو خطرہ ہے۔ اس اطلاع پر لیے لالو پرساد اور ان کی اہلیہ رابڑي دیوی کے حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ پٹنہ میں ان کی رہائش گاہ کی بیرونی دیواریں اتنی اونچی کی جا رہی ہیں کہ باہر سے کچھ نظر نہ آ سکے

لالو بہار کی گّدی چھن جانے سے پریشان ہیں
۔

لالو نے سپریم کورٹ میں بھی ایک درخواست داخل کی ہے کہ ان کے خلاف چارہ گھپلے کے تمام مقدمات بہار سے کسی اور ریاست منتقل کر دیے جائيں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد انہیں وہاں انصاف نہیں مل سکے گا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انصاف نہ ملنے کے خدشے سے مقدمات منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ اب اس بات پر بحث ہونے لگی ہے کہ کیا عدالتیں حکمراں جماعتوں کے زیر اثر کام کرنے لگی ہے یا حکمراں جماعتیں نتیش کے عمل کو کمزور کر رہی ہیں۔

امیتابھ کا سوپ اوپرا

اس ہفتے انٹرٹینمنٹ کے شہنشاہ مقبول فلم اسٹار امیتابھ بچّن ہسپتال میں رہے۔ ان کی بیماری کے بارے میں پورے ملک کا فکرمند ہونا ایک فطری بات تھی لیکن ہندوستان کے ٹی وی چینلوں نے آپس کے مقابلے میں امیتابھ کی بیماری کو اس ہفتے کا ’سوپ اوپرا‘ بنا دیا تھا۔

امیتابھ کو پیٹ میں تکلیف کے سبب ہسپتال لایا گیا تھا

ممبئی کے ہسپتال کے باہر دسیوں ٹی وی چینلوں کے رپورٹر دن رات ڈیرا لگائے بیٹھے رہے اور ہرگھنٹے پر وہاں سے براہِ راست خبریں نشر کرتے رہے کہ’امیتابھ نے لمبی سانس لی‘ یا پھر ’امیتابھ کا درد ٹھیک ہو گیا‘ وغیرہ۔ ڈاکٹروں کو بھی وقفے وقفے پر نیوز کانفرنس کرنی پڑی ۔ اطلاعات ہیں کہ لیلاوتی اسپتال کے ڈاکٹر یہی دعا کر رہے ہیں کہ امیتابھ دوبارہ ہسپتال نہ آئيں کیوں کہ وہ ان کی ٹی وی رپورٹوں کو مزید نہیں جھیل سکتے۔

مجاز کی تنہائی

پانچ دسمبر کو اردو کے معروف شاعر اسرارالحق مجاز لکھنوی کی پچاسویں برسی تھی۔ مجاز کی یاد میں ان کے کچھ چاہنے والوں نے انڈیاانٹرنیشنل سنٹر میں ان کی زندگی پر کچھ یادگار تصویروں کی نمائش کا اہتمام کیا۔ مجاز کو اردو کا کِیٹس کہا جاتا ہے۔ ’اے غمِ دل کیا کروں ، اے وحشتِ دل کیا کروں‘ تو آج بھی سبھی کی زبان پر ہے۔

مجاز کو اردو زبان کا کیٹس کہا جاتا ہے

لکھنؤ جو کبھی اردو کا ایک مرکز ہوا کرتا تھا اب اردو کا مزار بھی نہیں رہ گیا ہے۔ شہر کی اکثریت کو مجاز کے بارے میں کچھ نہیں پتہ ہے۔ شاید اسی لیے مجاز کی برسی کے دن بھی انکی قبر پر کوئی نہیں آیا۔

کہیں گردہ بھی نہ نکل جائے

ہندوستانی حکومت نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ وہ ہندوستان کے ایک شہری عبدالطیف نوشاد کی ایک آنکھ نکال لینے کی سزا معاف کر دے۔ تین برس قبل دمام میں نوشاد اور ایک سعودی شہری کے درمیان کسی بات پر لڑائی کے دوران سعودی شہری کی آنکھ میں چوٹ لگ گئی تھی ۔ لڑائی کے کچھ دنوں بعد اس کی ایک آنکھ کی روشنی چلی گئی۔ ایک مقامی عدالت نے سزا کے طور پر نوشاد کی آنکھ نکال لینے کا حکم دیا ہے۔ نوشادنے اعلیٰ عدالت میں اپیل کی ہے۔ یہ اطلاع بھی ہے کہ سعودی شہری کا گردہ بھی خراب ہو گیا ہے ۔

ڈاکٹروں کی ایک ٹیم یہ جائزہ لے گی کہ کہیں سعودی شہری کی آنکھ بھی چوٹ کی بجائے ذیابیطس جیسی کسی بیماری سے تو نہیں گئی لیکن کئی لوگ یہ خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہیں سعودی ڈاکٹروں نے یہ بتایا کہ گردہ بھی لڑائی کی کسی چوٹ سے خراب ہوا تو کیا ہوگا۔

اسی بارے میں
لالو، بہار کا راجہ
07 December, 2005 | انڈیا
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد