نادیہ پرویز بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی |  |
 | | | اوڑی کا علاقہ بھی زلزلے سے متاثر ہوا |
وزیراعظم منموہن سنگھ نے بھارت کے زير انتظام جموں اور کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لیے پانچ ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ اب تک انہوں نے تنگدھار اور اوڑی علاقوں کا دورہ کیا ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا ہے کہ تباہی سے نمٹنے کے لیے حکومت ہر طرح سے مدد کرے گی اور حکومت پوری کوشش کرے گی کہ زلزلے سے تباہ شدہ علاقوں کو جلد سے جلد دوبارہ بسا دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے امداد ی کارروائی میں کسی طرح کی کمی نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد تقریباً ایک ہزار ہو گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وادی کے بارہ مولا علاقہ میں ہی مرنے والوں کی تعداد چھ سو سے زیادہ درج کی گئی ہے۔ سنیچر کے روز آئے اس زلزلے سے بارہمولہ اور کپواڑہ علاقے ہی سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ان علاقوں میں زخمیوں کی تعداد چار ہزار ہو چکی ہے اور تقریباً تیس ہزار گھر پوری طرح تباہ ہو چکے ہیں۔ زلزلے سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ کپواڑہ میں مرنے والوں کی تعداد تین سو سے زیادہ ہو گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری ہے لیکن بارش اور سرد موسم کے سبب امدادی کارروائی میں دقت پیش آ رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی علاقے آیسے ہیں جہاں امدادی ٹیم ابھی تک نہیں پہنچ سکی ہے۔ |