صدر پرویز مشرف دلی پہنچ گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف ہفتے کی شام کو اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر حاضری دینے کے بعد دلی پہنچ گئے ہیں۔ دلی ائیرپورٹ پر بھارت کے وزیر خارجہ نٹور سنگھ نے وزارتِ خارجہ کے اعلی افسران کے ہمراہ صدر جنرل پرویز مشرف کا استقبال کیا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری اور وزیرِ اطلاعات شیخ رشید احمد بھی صدر کے ہمراہ ہیں۔ اجمیر شریف میں ذرائع ابلاغ سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’میری دعا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جو اختلافات ہیں ان میں بہتری آئے اور دونوں ملکوں کے عوام امن کے سائے میں رہ سکیں۔‘ انہوں نے کہا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کے عوام کی ترقی کے لیے بھی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کی ترقی صرف امن کے ذریعے ممکن ہے۔ اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر ان کی دستار بندی کی گئی اور تبرکات پیش کیے گئے۔ جے پور کے ہوائی اڈے پر راجستھان کی وزیراعلی وسندھرا راجے نے ان کا استقبال کیا۔ ہوائی اڈے پر بھارت کی مرکزی حکومت کے اعلی اہلکاروں کے علاوہ نئی دلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عزیز احمد خان بھی موجود تھے۔ صدر مشرف جے پور میں مختصر قیام کے بعد بھارتی فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اجمیر کے لیے روانہ ہو گئے۔ اس ہیلی کاپٹر پر بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں کے جھنڈے لگے ہوئے تھے۔ صدر کے ہیلی کاپٹر کے علاوہ دیگر مہمانوں کو لے کر دو ہیلی کاپٹر اجمیر کے لیے روانہ ہوئے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ صدر مشرف کے دورے کو بہت اہمیت دے رہے ہیں اور بھارت کے ایک درجن سے زائد ٹیلی ویژن چینلز نے ان کی جے پور آمد کو براہ راست نشر کیا۔ صدر مشرف سفید رنگ کی شلوار قمیض میں ملبوس تھے جبکہ ان کی اہلیہ صہبا مشرف نے جامنی رنگ کا سوٹ پہنا ہوا تھا۔ صدر مشرف اجمیر میں حضرت معین الدین چشتی رح کے مزار پر چادر چڑھانے کے بعد دلی کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||