مہاراشٹرکے ستارا کے علاقے میں مندھار دیوی مندر میں منگل کے روز بھگدڑ سے تقریبا تین سو افراد کی ہلاکت کے بعد ریاستی حکومت نے واقعے ایک جج سے تفتیش کرانے کے احکامات دیے ہیں۔ علاقے کے ایک پولیس اہل کار چندر کانت کمبھار نے بی بی سی کو بتایا کہ مندر بدھ کے روز ہی کھول دیا گیا تھا۔ لیکن چونکہ انتظامیہ جان ومال کے نقصان کی فہرست تیار کرنے میں میں مصروف تھی اس لیے نقل و حرکت محدود رکھی گئی تھی۔ کمبھار کا کہنا ہے کہ پولیس اس پورے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ اسی دوران ریاست کے وزیراعلی ولاس راؤ دیش مکھ نے کہا ہے کہ بھگدڑ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیۓ ایک سبکدوش جج کا تقرر کیا جائے گا جو اس پورے معاملے کی تحقیق کریگا۔ ستارا کے وائی تعلقہ میں ہر سال ہونے و الی ’ کالو بائی جاترا‘ کی تقریب گزشتہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری تھیں۔ لیکن منگل کو روایت کے مطابق پوجا کے لیے بہت مقدس دن تھا جس کے سبب ہزاروں عقیدت مند وہاں جمع تھے۔ آگ لگنے کی خبر سے وہاں بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں تقریبا تین سو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس حادثے میں مرنے والے زیادہ تر بچے اور خواتین تھے۔ |