بہار کے انتخابات میں اسامہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بہار کے اسمبلی انتخابات میں دنیا کے سب سے مطلوب شخص اسامہ بن لادن انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔ جی ہاں رام ولاس پاسوان کی ’لوک جن شکتی پارٹی‘ کے لیے اسامہ انتخابی مہم ميں سرگرمی سے حصہ لے رہے ہیں۔ لیکن یہ اصل اسامہ نہیں ہیں بلکہ ان کے ہم شکل ہیں اور انہوں نے اسامہ کا حلیہ بنا رکھا ہے وہ جب اپنی پارٹی کے رہنما مسٹر پاسوان کے ساتھ ڈائس پر بیٹھتے ہیں تو انہیں دیکھنے والوں کی بھیڑ لگ جاتی ہے ۔ ان کا نام معراج خالد نور ہے اور انہوں نے لادن کی عرفیت اختیار کر لی ہے۔ معراج خالد نور رہنے والے ہیں سہرسہ کے لیکن بچپن سے ہی پٹنہ کے پھلواری شریف میں رہ ہے ہیں۔ پیشے سے تاجر ہیں۔
وہ نزپت گنج سے اسمبلی انتخابات لڑنا چاہتے تھے لیکن ان کے مطابق مسٹر پاسوان نے کہا کہ وہ پورے بہار میں انکی جماعت کے لیے مہم چلائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مسٹر پاسوان انہیں قومی سیاست میں لانا چاہتے ہیں ۔ تیس سالہ معراج خالد عرف لادن اسامہ کو دہشت گرد نہیں سمجھتے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہاتما گاندھی کو بھی انگریز آزادی سے قبل دہشت گرد کہتے تھے۔اسی طرح امریکہ نے اسامہ کو دہشت گرد بناکر پیش کیا ہے ۔ ان کا خیال ہے کہ اسامہ بن لادن حق و انصاف اور غریبوں کے لۓ جنگ کر رہے ہیں اور بقول ان کے اگر عالمی سروے کرایا جائے تو اسامہ کے چاہنے والوں اور ان کے نظریے پر یقین رکھنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ نکلے گی ۔ معراج خالد عرف لادن یہ نہیں مانتے کہ ان کے اس حلیے سے ان کی برادری پر کوئی برا اثر پڑے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسامہ کو مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو بھی حق و انصاف کا علمبردار مانتے ہیں جس نے امریکہ سے ٹکر لی ہے ۔ پارٹی کے سربراہ رام ولاس پاسوان معراج خالد کو اپنے انتخابی جلسوں میں ہر جگہ لے جاتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ انکی جماعت اسامہ بن لادن کے نظریات میں یقین رکھتی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||