یہ ہے ممبئی میری جان! | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
خوابوں کے شہر ممبئی میں ایک کلچرل فیسٹیول اس وقت اپنے شباب پر ہے۔اس کا مقصد جہاں اپنی تہذیب کو زندہ رکھنا ہے وہیں سیاحت کو فروغ دینا اور دنیا کو اپنی ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔ اس میلے کی شروعات چودہ جنوری کو ہوئی ہے اور آئندہ دس روز تک جاری رہے گي۔ میلے کی افتتاحی تقریب شہر کے مشہور گیٹ وے آف انڈیا پر ہوئی جو اس وقت سجاوٹ سے بہت ہی حسین و پر کشش ہے۔ لائٹ کی جگمگاہٹ وہاں پہلے ہی تھی لیکن تقریب میں فلمی ستاروں کے جھرمٹ نے اس کی رونق میں چارچاند لگا دیے۔ بالی وڈ کی بڑی بڑی ہستیوں کے ساتھ ساتھ ریاست کے وزیر اعلی ولاس راؤ دیس مکھ اور مرکزی وزیر سیاحت رینوکا چودھری بھی وہاں موجود تھیں۔ دیس مکھ کا خیال ہے کہ دوبئی فیسٹیول کیطرح ہر برس ممبئی میں اس میلے کا اہتمام ہو لیکن رینوکا چودھری اسے دنیا بھر کے شہروں میں منعقد کرانے پر غور کر رہی ہیں۔ نغمہ نگار جاوید اختر نے اس موقع کے مدنظر ایک گيت ’ممبئی میری جان‘ لکھا ہے۔ اس گیت کو راہول بوس نے اپنی آواز میں پیش کیا۔ اس کے علاوہ گلزار اور ارون کولٹکر کے نغموں کو نانا پاٹیکر نے اپنے ڈرامائی انداز میں گایا۔ شنکر مہا دیون کے گیتوں پر فیشن ڈیژائن شائینہ این سی نے ایک فیشن شو کا بھی اہتمام کیا تھا۔ اداکارہ ایشوریہ رائے نے بھی اس بارونق پروگرام میں شرکت کی اور پروگرام کی رنگولی میں حصہ لیا۔ میلے میں انواع و اقسام کے کھانوں کی نمائش کی گئی ہے۔ اس میں ہندوستان کے مختلف پکوان کے علاوہ اطالوی اور چائینیز کھانوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جنوبی ممبئی کے علاقوں کے علاوہ یہ فیسٹیول مختلف کئي علاقوں میں بھی دھوم دھام سے منایا جارہا ہے۔
اس میلے کی سرپرست کمپنی مہیندرا مہیندرا کے چیئرمین اور کنوینر ساونت ہیں۔ فیسٹیول میں رقص، موسیقی، وی چینل کا بینڈ، بچوں کا مقابلے اور سونو نگم و اوشا اتھپ کے نغموں جیسے تقریبا ساٹھ تفریحی پروگرام پیش کیے گيۓ ہیں۔ قبائلی رقص، پتنگ بازی اور ڈرائنگ جیسے مقابلے بھی ہوئے ہیں۔ ممبئی کی میراتھن اس فیسٹیول کا خاص حصہ رہی جس میں تقریبا بائیس ہزار افراد نے شرکت کی۔ اس میراتھن میں بالی وڈ کے بڑے بڑے ستارے اور کھلاڑیوں نے شرکت کیا۔ اس فیسٹیول میں توجہ کی مرکز منت دیوار ہے۔دس فٹ چوڑی اور ساٹھ فٹ لمبی اس دیوار پر مختلف مصوروں نے ممبئی کی خصوصیات کو اجاگر کرنے کے لۓ بہت سی تصاویر بنائی ہیں۔ لوگ اس دیوار پر اپنی خواہشات بھی لکھ سکتے ہیں اس میں سے دس چنندہ خواہشات کو وزیراعلی دیش مکھ پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔ مصوروں کی پینٹنگس کی نیلامی سے جو رقم مصول ہوگی وہ سونامی سے متاثرہ افراد میں تقسیم کی جائےگی۔ ممبئی اپنے خصوصی تہوار کے سسب آج کل سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||