کرینہ۔شاہد تصاویر، اخبار کی معافی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے ایک مشہور ٹیبلائیڈ اخبار مِڈ ڈے نے بالی وڈ کی مشہور اداکارہ کرینہ کپور اور اُن کے ساتھی شاہد کپور کی مبینہ طور پر بوس و کنار کرتے ہوئے تصاویر چھاپنے پر معافی مانگی ہے۔ بھارت کے سپریم کورٹ نے جمعہ کو فیصلہ دیا تھا کہ یہ تصاویر برا تاثر چھوڑتی ہیں۔ کرینہ اور شاہد کپور نے اخبار سے غیر مشروط طور پر معافی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ تصاویر ان کی نہیں بلکہ وہ غلط و جعلی طور پر بنائی گئی ہیں۔ انگریزی زبان میں چھپنے والے ٹیبلائیڈ مِڈ ڈے نے سنیچر کو معافی کی خبر اخبار کے پہلے صفحے پر لگائی۔ اخبار نے کہا کہ ان تصاویر کے چھپنے کے بعد جو میڈیا میں طوفان برپا ہوا ہے اور ان دونوں اداکاروں کی اخلاقیات اور عزت کے متعلق جو سوالات اٹھائے گئے ہیں اور اس کی وجہ سے جو ان اداکاروں کو صدمہ پہنچا ہے اخبار اس پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ تاہم اخبار نے کہا کہ وہ ویڈیو کلپ کے اصلی ہونے کے دعوی پر ابھی بھی قائم ہے اور اسے ہر حق ہے کہ ان تصاویر کو شائع کرے۔ کرینہ اور شاہد کپور کی یہ تصاویر کسی نے خفیہ طور پر کھینچ کر مڈ ڈے اخبار کو بھیج دی تھیں۔ ان تصاویر کو نہ صرف اخبار میں شائع کیا گیا بلکہ بعد میں ٹی وی پر بھی نشر کیاگیا۔ اخبار کے اندرونی صفحات پر بھی مزید تین تصویریں شائع کی گئی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کرینہ کپور اپنے دوست کے ساتھ مینہ طور پر جوہو کے ’رین‘ ہوٹل میں تھیں۔ ان کے پاس کی میز پر بیٹھے کسی رپورٹر نے اپنے کیمرہ موبائل فون سے دونوں کی کئی تصویریں اتار لیں اور دونوں کو پتہ بھی نہ چلا ۔ جب اخبار نے ان تصویر کو شائع کیا تو پورے شہر میں ہنگامہ سا مچ گیا۔ کرینہ نے اپنے وکیل مہیش جیٹھ ملانی کے ذریعہ اخبار کو ایک قانونی نوٹس بھیجا تھا۔ نوٹس میں کرینہ نے کہا تھا کہ جو تصویر شائع کی گئی ہیں وہ غلط و جعلی ہیں۔ تصویر میں وہ نہیں ہیں ۔اس لیے اخبار بلا شرط معافی مانگے ورنہ 20 کروڑ روپے بطور ہرجانے کا وہ مقدمہ دائر کريں گی۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اخبار نے جان بوجھ کر سستی پبلیسٹی کے لیے یہ طریقہ اپنایا ہے۔ جس ’رین‘ ہوٹل کا ذکر کیا گیا ہے اس میں وہ یا شاہد گزشتہ تین ماہ سے نہیں گئے ہیں۔ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اخبار میں فحش تصاویر شائع کرنا قانونا جرم ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||