 |  زرعی سیکٹر انڈیا کی معیشت کا ایک چوتھائی حصہ ہے۔ |
انڈیا کی معیشت نے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سات اعشاریہ چار فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے جو پہلے سے کئے گئے اندازوں سے خاصی زیادہ ہے۔ معیشت میں اتنی مثبت ترقی کی وجہ مینوفیکچرنگ اور سروسز کے شعبے کی اچھی کارکردگی کو قرار دیا جارہا ہے جن کے بہتر رزلٹ نے زرعی سیکٹر کی قدرے بری کارکردگی سے پڑنے والے فرق کو بھی کم کرنے میں مدد دی ہے۔ لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر معیشت کی ترقی کو مستحکم کرنے کے لئے زرعی شعبے کی کارکردگی کو بھی بہتر کرنا پڑے گا۔ زرعی شعبہ انڈیا کی معیشت کا ایک چوتھائی حصہ ہے اور ملک کی ایک ارب سے زیادہ آبادی میں آدھی سے زیادہ اس میں کام کرتی ہے۔ پچھلے سال انڈیا کی معیشت نے آٹھ فیصد کی شرح سے ترقی کی تھی جو دنیا میں سب سے بہتر شرحوں میں سے ایک تھی اور اپنے ایشیائی حلیف چین کی معیشت سے صرف ایک فیصد کم تھی۔ |