ممبئی دھماکوں کے ملزم جیل میں گولی لگنے سے زخمی

ابو سلیم
،تصویر کا کیپشنابو سلیم کے خلاف قتل، اغوا اور تاوان طلب کرنے کے 60 سے زیادہ مقدمات ہیں

بھارت کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں سنہ 1993 میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے ملزم ابو سلیم انصاری عرف ابو سالم ممبئی کے تلوجا سینٹرل جیل میں ایک حملے میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

ممبئی کے جوائنٹ کمشنر لا اینڈ آرڈر دیون بھارتی نے بی سی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابوسلیم کو ایک گولی لگی ہے اور انھیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

جوانئٹ کمشنر نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق ابو سلیم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دیون بھارتی کے مطابق تلوجا جیل میں ایک قیدی دیویندر بابو راؤ جگتاپ نے ابو سلیم پرگولی چلائی ہے۔ جگتاپ ایڈووکیٹ سعید اعظمی کے قتل کے حوالے سے سزا پوری کر رہے ہیں۔

سعید اعظمی 26 نومبر 2008 میں ممبئی میں کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں مبینہ طور پر ملوث بہت سے بے قصور لوگوں کا مقدمہ لڑنے کے لیے جانے جاتے ہیں جن کا فروری سنہ 2010 میں قتل کردیا گیا تھا۔

اس سوال پر کہ جیل میں ہتھیار کس طرح پہنچے جوائنٹ کمشنر نے کہا کہ اس معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

مونیکا بیدی ابو سلیم کی گرل فرینڈ تھیں
،تصویر کا کیپشنمونیکا بیدی ابو سلیم کی گرل فرینڈ تھیں

یاد رہے کہ سنہ 2010 میں بھی ابو سلیم پر جیل میں حملہ ہوا تھا۔اس وقت وہ ممبئی کے آرتھر روڈ جیل میں بند تھے۔

اس کے بعد ہی ان کو تلوجا جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ انھیں 2005 میں ممبئی دھماکوں میں مبینہ کردار کے لیے پرتگال سے بھارت بلوایا گیا تھا۔

ممبئی میں سنہ 1993 میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں 257 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ ابو سلیم کے خلاف قتل، اغوا اور تاوان طلب کرنے کے 60 سے زیادہ مقدمات ہیں۔

یاد رہے کہ اسی واقعے میں غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت بھی جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

ابو سلیم پر لگائے الزامات میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے ممبئی کے معروف مبینہ مافیا لیڈر داؤد ابراہیم کے ذریعہ تیار کردہ ایک سازش میں تعاون کیا تھا اور سلسلہ وار بم دھماکوں میں اپنے ساتھیوں کو ہتھیار اور گولہ بارود فراہم کیا تھا۔

داؤد ابراہیم بھارت کو مطلوب اشخاص کی فہرست میں سرفہرست لوگوں میں سے ہیں اور وہ دھماکے کے بعد سے ملک سے فرار ہیں۔

سال 2002 میں ابو سلیم کو بالی وڈ کی اداکارہ مونیکا بیدی کے ساتھ لزبن میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان لوگوں پر فرضی پاسپورٹ پر سفر کرنے کا الزام تھا۔